22 اکتوبر 2025 - 11:39
مآخذ: ابنا
برطانیہ نے تحریر الشام کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کر دیا

برطانیہ کی حکومت نے منگل کو ایک سرکاری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے شامی گروہ تحریر الشام (HTS) کو اپنی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی حکومت نے منگل کو ایک سرکاری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے شامی گروہ تحریر الشام (HTS) کو اپنی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا۔ لندن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شام کی نئی حکومت کے ساتھ براہِ راست روابط استوار کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے ایک نئی پالیسی کا حصہ ہے۔

برطانوی وزارتِ داخلہ کے مطابق، یہ فیصلہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی ہجرت اور شامی کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق پالیسیوں کو آگے بڑھانا ہے۔

تحریر الشام کو پہلی بار سال 2017 میں القاعدہ کے ذیلی گروہ کے طور پر برطانیہ کی ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم، دسمبر 2024 میں احمد الشرع کی قیادت میں ہونے والی کارروائی کے بعد بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے نتیجے میں شام میں ایک نئی عبوری حکومت قائم ہوئی۔برطانوی وزارتِ داخلہ نے بیان میں کہا کہ لندن کی پالیسی میں تبدیلی شام میں نئی سیاسی صورتحال کے تناظر میں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جولائی میں برطانیہ کے وزیرِ خارجہ کے دمشق دورے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات دوبارہ بحال ہوئے تھے۔وزارتِ داخلہ نے کہا:برطانیہ شام کی نئی حکومت کا جائزہ اس کی کارکردگی کی بنیاد پر لے گا، وعدوں پر نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ تحریر الشام کو فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے، لیکن داعش اب بھی شام اور برطانیہ کی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ لندن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ داعش کے خلاف بین الاقوامی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔اس فیصلے کے بعد برطانیہ کے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2000 کے تحت تحریر الشام کی رکنیت یا حمایت کو جرم نہیں سمجھا جائے گا۔

نتیجتاً، برطانیہ کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں اب صرف 83 گروہ باقی رہ گئے ہیں۔وزارتِ داخلہ نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کی کمیٹیوں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ٹیرر لسٹ ریویو گروپ کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، اور مستقبل میں بھی ایسے فیصلے سکیورٹی مفادات کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha