19 اکتوبر 2025 - 10:33
مآخذ: ابنا
مولانا کلبِ جواد پر حملہ، پوری شیعہ برادری کی آواز کو دبانے کی مذموم کوشش ہے: ایڈوائزری کونسل آف انڈین اسٹوڈنٹس

مقدس شہر قم میں مقیم بھارتی طلباء کی مشاورتی کونسل نے مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری، آفتابِ شریعت، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلبِ جواد نقوی پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

مولانا کلبِ جواد پر حملہ، پوری شیعہ برادری کی آواز کو دبانے کی مذموم کوشش ہے: ایڈوائزری کونسل آف انڈین اسٹوڈنٹس

اہلبیت (ع) نیوز ایجنسی کے مطابق، مقدس شہر قم میں مقیم بھارتی طلباء کی مشاورتی کونسل نے مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری، آفتابِ شریعت، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلبِ جواد نقوی پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ نہ صرف ایک محترم مذہبی رہنما پر کیا گیا ظلم ہے بلکہ یہ شیعہ برادری کی اجتماعی آواز اور حق و انصاف کے علمبرداروں کو خاموش کرنے کی شرمناک سازش ہے۔

بیان میں کہا گیا مولانا کلبِ جواد پر حملہ ایک معزز عالمِ دین پر ہی نہیں، بلکہ پوری شیعہ برادری اور ان تمام افراد پر حملہ ہے جو حق و انصاف کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔ یہ ایک شرمناک کوشش ہے کہ سچائی کی آواز کو دبایا جائے۔

کونسل نے مولانا کلبِ جواد نقوی کی مسلمانوں کے درمیان اتحاد، سماجی انصاف، اور اوقاف کی حفاظت کے لیے ان کی انتھک خدمات کو سراہا۔ ساتھ ہی کہا کہ یہ حملہ دراصل اُن آوازوں کو خاموش کرنے کی ایک وسیع سازش کا حصہ ہے جو ظلم و ناانصافی کے خلاف کھڑی ہوتی ہیں—اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایڈوائزری کونسل نے حکومتِ ہند اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور فوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا،یہ ضروری ہے کہ حکومت ایک واضح پیغام دے کہ اس طرح کے گھناؤنے اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور ان کے مرتکب افراد کو سخت قانونی نتائج بھگتنے ہوں گے۔

کونسل نے عوام اور برادری کے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، اپنے احتجاج کو پُرامن اور قانونی دائرے میں رکھیں، اور ہر حال میں اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھیں۔

اختتامی کلمات میں مشاورتی کونسل نے مولانا کلبِ جواد نقوی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:ہم مولانا کے ساتھ کھڑے ہیں، اُن کے مشن اوقاف کی حفاظت اور انصاف کے قیام میں اُن کے حامی ہیں۔ ہم خداوندِ متعال سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں صحت، سلامتی، اور اپنے عظیم مشن میں کامیابی عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha