بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، روسی وزارت خارجہ نے آج اعلان کیا کہ ماسکو اور تہران کے درمیان جامع اسٹراٹیجک شراکت داری کا معاہدہ، جو دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات کے حوالے سے ہمہ گیر تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق ہے، آج 2 اکتوبر 2025ع سے نافذ العمل ہو گیا ہے.
ایران اور روس کے درمیان جامع اسٹراٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر مسعود پزشکیان کے دورہ روس کے موقع پر 17 جنوری 2025 کو دونوں ملکوں کے سربراہوں نے دستخط کئے تھے۔
روسی وزارت خارجہ نے اپنے آج کے بیان میں اعلان کیا کہ اس معاہدے کا نفاذ "دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، اور اس نے جامع اسٹراٹیجک شراکت داری کے معیار کو ایک نئی سطح تک پہنچا دیا ہے"۔
ایران-روس جامع تزویراتی شراکت داری کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
• فریقین باہمی دلچسپی کے تمام شعبے میں تعلقات کو گہرا کرنے اور فروغ دینے کے پابند ہونگے۔
• اقتصادی و فوجی تعاون: تہران اور ماسکو نے سمجھوتہ کیا کہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو جاری رکھیں گے، فوجی مشقوں کے انعقاد میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے اور اگر ایک فریق پر جارحیت ہوئی تو دوسرا فریق جارح کی مدد نہیں کرے گا۔
• فریقین اپنی سرزمین کو اپنی علاقائی سالمیت کے لئے خطرہ بننے والی علیحدگی پسند تحریکوں کی حمایت کے لئے استعمال نہ کریں گے۔
• فریقین پابندیوں کے خلاف ہیں اور انہیں بین الاقوامی قوانین کی رو سے غیر قانونی سمجھتے ہیں، اور ایک دوسرے کے خلاف تیسرے ممالک کی پابندیوں میں شامل ہونے سے گریز کریں گے؛ فریقین طاقت کا یکطرفہ استعمال نہ کرنے کی ضمانت دیتے ہیں۔
• تہران اور ماسکو نے سمجھوتہ کیا ہے کہ غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے سے نمٹنے کے لئے ابلاغیاتی تعاون کو فروغ دیں گے۔
• دو ملک قدرتی اور انسانی آفات روکنے میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے اور تیسرے ممالک سے آزاد ادائیگی کا انفراسٹرکچر بنانے میں تعاون کریں گے۔
• روس سے ایران تک گیس پائپ لائن جمہوریہ آذربائیجان سے گذرے گی اور فریقین قیمتوں کے تعین کے طریقوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔
• تہران اور ماسکو جوہری بجلی گھروں کی تعمیر سمیت پرامن جوہری توانائی کے مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
• فریقین بین الاقوامی دہشت گردی اور دوسرے خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کریں گے۔
معاہدہ 20 سال کے لئے ہے، اور اس مدت کے اختتام پر ـ خود بخود ـ اس معاہدے کی مزید 5 سال کے لئے تجدید ہو جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ