اہل البیت (ع) خبر ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق "محمد عبدالسلام" نے کل (ہفتے کے روز) العالم ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صعدہ کے مختلف دیہاتوں اور شہری علاقوں پر سعودی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں شہری آبادیوں کو زبردست نقصان پہنچا اور متعدد نہتے شہریوں سمیت عورتیں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوگئی اور اس کے بعد سعودی حکمرانوں نے عالمی رائے عامہ کو ان جرائم سے منحرف کرنے کے لئے شیعہ کمانڈروں کی شہادت کا شوشہ چھوڑدیا.
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب شمالی یمن میں جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے اور اس کے یہ جرائم بدستور جاری ہیں.
یاد رہے کہ قبل ازیں سعودی فوجی ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی فضائیہ نے حوثیوں کے بعض خاص ٹھکانوں پر حملہ ک محمد عبدالسلام سمیت حوثیوں کے کئی اہم راہنماؤں کو ہلاک کردیا ہے۔
محمد عبدالسلام نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا: حوثیوں کے پاس جارحین کا مقابلہ کرنے کی پوری طاقت ہے اور دین و امت اور اپنی کرامت کی راہ میں شہادت اور جوار رب میں سکوں پانا ہمارے لئے اعزاز و افتخار ہے۔
عبدالسلام نے شمالی یمن میں جنگی صورت حال کے بارے میں کہا کہ سعودی فضائیہ نے رازح پر اپنے حملے جاری رکھے ہیں اور ان حملوں میں دسیوں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں.
انھوں نے کہا کہ سعودی طیارے اہل تشیع کی شہری آبادیوں کو بدستور نشانہ بنا رہے ہیں اور صرف آج ایک دن میں انھوں نے رازح پر سولہ بار حملے کئے ہیں.
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یمن کی فوجوں کے میزائل حملے جاری ہیں مگر دونوں فوجیں شیعہ مجاہدین کا سامنا کرنے کی ہمت ہار بیٹھی ہیں.