اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے عوام کو ظلم و استبداد کے خلاف بیدار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے ملک میں نسلی اور فرقہ وارانہ اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں سے خبردار کیا ہے۔
شیخ زکزاکی نے ابوجا میں فلانی نوجوانوں کی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے درمیان اختلاف اور تصادم پیدا کرنا دشمنوں کا ایک حربہ ہے، جس کا مقصد لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا اور ملک کے وسائل و دولت کی لوٹ مار کے لیے راستہ ہموار کرنا ہے۔
انہوں نے عوام کو ایسے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی جس کے ذریعے ایک ہی قوم اور معاشرے کے افراد میں دوریاں پیدا کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتیں بھی نائیجیریا میں اختلافات کو ہوا دینے کے لیے اسی طریقۂ کار سے فائدہ اٹھاتی ہیں، جبکہ بعض بدعنوان سیاست دان ان کے مفادات کے لیے ملک کے وسائل کی لوٹ مار میں معاونت کرتے ہیں۔
شیخ زکزاکی نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان سازشوں کو پہچانیں، بیدار ہوں اور ظلم و جبر سے نجات کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام ثابت قدم رہیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور آئے گی۔
آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو رحم، معافی، نیکی، حیا، صلہ رحمی اور دینی اقدار سے وابستگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔
آپ کا تبصرہ