بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا کے مطابق، پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم نہیں کرتا، اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کے حالیہ حملے پر قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو ایک یاغی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست اب تک غزہ میں ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کر چکی ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا:جب تک امت مسلمہ متحد نہیں ہوتی، اسرائیلی قابض افواج کے مظالم جاری رہیں گے۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ دوحہ میں ہونے والا عرب-اسلامی سربراہی اجلاس اسرائیل کو روکنے کے لیے ایک عملی لائحہ عمل طے کرے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے اجلاس میں ایک سات نکاتی تجویز پیش کی ہے، جس میں سب سے اہم نکتہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ ہے۔
پاکستان کی طرف سے یہ مؤقف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں جاری جارحیت پر عالم اسلام میں شدید ردعمل پایا جا رہا ہے، اور امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ