ابنا: کربلا شہر کي بلديہ کے نائب سربراہ جاسم الخطائي نے کہا کہ اربعين حسيني کے موقع پر سيکورٹي کے انتظامات کے لئے ہزاروں سيکورٹي اہلکاروں کو تعينات کيا گيا ہے انہوں نے کہا اس وقت جب لاکھوں کي تعداد ميں زائرين کربلائے معلي کي جانب رواں دواں ہيں۔ توقع ہے کہ اس سال اربعين کے موقع پر ايک کروڑ ستر لاکھ زائرين عراق اور پوري دنيا سے کربلائے معلي ميں موجود ہوں گے - انہوں نے کہا کہ اتني بڑي تعداد ميں زائرين کي شرکت کسي بھي مذہبي پروگرام ميں ايک ريکارڈ ہے ۔مذکورہ عراقي عہديدار نے کہا کہ زائرين حسيني تين راستوں بابل کربلا - بغداد کربلا اور نجف کربلا کے راستوں سے کربلائے معلي پہنچ رہے ہيں - سيد الشہداء حضرت امام حسين اور ان کے اصحاب باوفا کا چہلم کل جمعرات کو پوري دنيا کے ساتھ کربلائے معلي ميں پوري عقيدت و احترام کےساتھ منايا جائے گا۔دوسري طرف کربلا کے محکمہ پوليس کے انفارميشن سينٹر کے سربراہ نے کہا ہے کہ ايسے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرليا گيا ہے جو اربعين حسيني کے موقع پر دہشت گردانہ کاروائياں انجام دينے کا منصوبہ رکھتے تھے - کربلاکے محکمہ پوليس کے انفارميشن سينٹر کے سربراہ محمد احمد الحسناوي نے اربعين حسيني کے موقع پر سيکورٹي کے انتظامات انتہائي سخت کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عراقي پوليس نے ايسے 6دہشت گردوں کو گرفتار کرليا ہےجو زائرين پر حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاري مقدار ميں ہتھيار اور کتوشا راکٹ بھي ضبط کئےگئے ہيں۔يہ ايسي حالت ميں ہے کہ عراقي پوليس نے جنوبي شہر کوت سے ايک سو پينتيس کلوميٹر دور الصويرہ کے علاقے ميں اور صوبہ بابل کے علاقے جبلہ ميں بارہ دہشت گردوں کو گرفتار کرليا ہے - ان دہشت گردوں ميں ان کا ايک سرغنہ بھي موجود ہے۔ادھر فرات الاوسط نامي آپريشنل کمان نے کہا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے المسيب کے علاقے ميں دہشت گردوں کے ايک نيٹ ورک کا پتہ لگاکر اس کے افراد کو گرفتار کرليا ۔ فرات الاوسط آپريشنل کمان کے بيان ميں کہا گيا ہے کہ يہ دہشت گرد عزاداروں کے قافلے کے بھيس ميں دہشت گردانہ کاروائياں انجام دينا چاہتے تھے۔اس کے علاوہ ايسے مزيد بيس دہشت گردوں کو گرفتار کرليا گيا ہے جو نجف سے کربلا جانےوالے زائرين کے بھيس ميں تھے ان کا تعلق يمن سے تھا ۔واضح رہے کہ گذشتہ ايک سال کے دوران عراق سے امريکي فوج کے انخلاء کے بعد عراق کي فوج اور سيکورٹي فورس کي صلاحيتوں ميں نماياں پيشرفت اور اسي طرح عاشورائےحسيني کے موقع پر زائرين سيکورٹي کو يقيني بنانے کے تعلق سے ان کي کاميابيوں کو ديکھتے ہوئے توقع يہي کي جارہي ہے کہ عراقي حکومت اور مقامي انتظاميہ سيکورٹي سے متعلق ضروري تدابير اپنا کر اربعين حسيني کے موقع پر دسيوں لاکھ زائرين کو ضروري سيکورٹي فراہم کرے ۔عراق ميں معدوم صدام کي حکومت کے خاتمے کے بعد سے علاقے کے بعض ملکوں کي حمايت سے تکفيري گروہوں نے مذہبي مناسبتوں پر دسيوں دہشت گردانہ کاروائياں انجام دے کر عراقي معاشرے ميں فرقہ وارانہ اور مسلکي اختلافات پيدا کرنے اور شيعہ مسلمانوں کو مذہبي رسومات کي ادائگي سے روکنے کي کوشش کي ہے ليکن ان تکفيري گروہوں کي يہ کوششيں عراقي حکام کي ہوشياري درايت کي بدولت اب تک ناکام رہي ہيں۔......./169
2 جنوری 2013 - 20:30
News ID: 378182
کربلائے معلي کي بلدياتي کونسل کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ اربعين حسيني کے موقع پر اس سال زائرين کي تعداد ايک کروڑ ستر لاکھ ہوگي۔