31 اگست 2026 - 14:48
ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیر اعظم کا بڑا بیان

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ بھارت ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت اور متنوع بنانا چاہتا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ بھارت ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت اور متنوع بنانا چاہتا ہے۔

مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کے ساتھ دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے دائرے کو وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیرِ اعظم کے مطابق ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہونے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ملاقات کو تعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور مغربی ایشیا کی تازہ صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

ترجمان کے مطابق نریندر مودی نے ایک بار پھر بھارت کے اس مستقل مؤقف کا اعادہ کیا کہ تمام مسائل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

جیسوال نے مزید کہا کہ مودی نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ آزادانہ بحری آمدورفت اور تجارت کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ صدر مسعود پزشکیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس اور ’’شنگھائی پلس‘‘ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے بھارتی وزیرِ اعظم سے ملاقات میں ایران اور بھارت کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha