صدرجناب احمدی نژاد نے صوبہ گلستان کی اشخیصتوں اور دانشوروں سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی ملت و حکومت متحد ہوکر الھی اھداف کے حصول کی طرف بڑھ رہی ہیں اور ایران آج ساری دنیا کے لئے نمونہ عمل ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ جس طرح سے کمیونسٹ تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں اسی طرح لطف خداوندی سے سرمایہ داری بھی تاریخ کا قصہ بن جائے گي۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے زوال کی نشانیاں ظاہرہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا انسانوں کے تعلقات عدل وانصاف، محبت اور الھی تعلیمات کی اساس پر وجود میں آنے چاہیں اور یہ فکری نظام آج اسلامی جمہوریہ ایران میں زندہ ہے اور ملت ایران وہ واحد قوم ہےجو متحد ہوکر توحید وعدل و انصاف کا نعرہ لگارہی ہے۔ادھر صدر نے پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات میں مزید کہا ہے کہ گزشتہ تیس برسوں کے دوران اور خاص کر حالیہ چار برسوں میں ایران نے جو ترقی اور پیشرفت کی ہے وہ تاریخ میں بے مثال ہے؛ آج ملک میں خود اعتمادی پائی جاتی ہے اور کوئی بھی بڑی طاقتوں سے خوفزدہ نہیں ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ کسی بھی ملت کی خود اعتمادی کے بعد عظیم واقعات رونما ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے دورۂ نیویارک کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ گيارہ ستمبر کے واقعے کے بارے میں گفتگو کر کے سرمایہ دارانہ مکتب فکر اور یورپی حکام کے روییۓ کے سامنے ایک بڑا سوالیہ نشان لگا دیا گیا ہے اور وہ اس کے سلسلے میں کسی بھی رد عمل کا اظہار کرنے سے عاجز ہیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج جاہ طلب اور بدعنوان جس قدر زیادہ آپس میں ایک دوسرے کے قریب ہوکر ایک صف میں شامل ہورہے ہیں اسی قدر ان کے مقابلے میں انصاف پسندوں اور خدا کے بندوں کے درمیان بھی اتحاد میں اضافہ ہورہا ہے اور حق و انصاف کا محاذ جتنا زیادہ سرگرم ، شفاف اور مؤثر ہوگا اسی قدر دنیا کے طلبگاروں اور مستکبرین کا محاذ کمزور سے کمزور تر ہوتا جائے گا۔دوسری جانب سے صدر جناب احمدی نژاد نے صوبہ گلستان میں ٹی وی پر براہ راست گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ایرانی عوام کی بیداری ، دشمن کی مایوسی کا باعث ہوگئی ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مسائل میں ایران کی فعال سرگرمی سے دشمن اپنے اقدامات میں ناکام ہوگيا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی بیداری قدرت خدا کی جلوہ گری ہے اور کوئي بھی طاقت اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ صدر احمدی نژاد نے اقوام متحدہ کے اپنے حالیہ دورےکے بارےمیں کہا کہ اب دنیا پر چند طاقتوں کا تسلط ختم ہورہا ہے اسی وجہ سے امریکہ اور صہیونی بوکھلا گئےہیں۔ صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے صوبہ گلستان میں شہدا کے اھل خانہ سے ملاقات میں کہا کہ اقوام متحدہ کے دورہ میں امریکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ انٹرویوز امریکی حکومت کے ساتھ بھرپور جنگ کی طرح تھے کیونکہ وہ ہرطرح سے لیس ہوکر ہم سے انٹرویو کرنے آتےتھے۔انہوں نے شہدا کے اھل خانہ سے کہا کہ عالم ہستی کے حقائق ایثار و فداکاری کی وجہ سے برقرار ہیں اور ایثار و فداکاری انسان کے لئے خدا کی عظیم ترین نعمت ہے ۔صدرجناب احمدی نژاد نے کہا کہ اگر قومیں اور حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ ایثار و قربانی کے جذبے سے پیش آئيں تو دنیا سے بدامنی اور دشمنی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ صدر جناب احمدی نژاد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس سے خطاب کرنے کے علاوہ امریکہ کے مختلف چینلوں کو انٹرویو دیاتھا۔انہوں نے اپنے اس خطاب میں تجویز دی تھی کہ گيارہ ستمبر کے واقعات کی تحقیقات کرانے کے لئے ایک آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔ صدر احمدی نژاد نے یہ بھی کہا تھا کہ اقوام متحدہ میں اصلاحات کی جائيں اور ویٹو پاور کو ختم کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110