اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، روسی خبر رساں ادارے ’’تاس‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لیے روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے کہا ہے کہ اس وقت ایران میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے متعلق حفاظتی معاہدے کے تحت عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی معائنہ کاری کی سرگرمیاں مکمل طور پر دوبارہ شروع ہونے کے کوئی امکانات دکھائی نہیں دے رہے۔
اولیانوف نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کی صورتِ حال ’’اب بھی انتہائی پیچیدہ ہے اور اس کی وجوہات بھی خوب اچھی طرح معلوم ہیں۔
انہوں نے کہا: امریکہ نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے ساتھ مل کر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں مسلسل کوششیں کیں تاکہ ایران کا معاملہ تعطل کا شکار ہو جائے۔ ایسے حالات میں پیدا ہونے والے تعطل سے نکلنے کا کوئی راستہ موجود نہیں۔
روسی سفارت کار نے زور دیا کہ ایران کے جوہری بنیادی ڈھانچے پر نئے حملے کرنے کی امریکہ کی مسلسل دھمکیاں، اسلامی جمہوریہ ایران میں ایجنسی کی معائنہ کاری کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے میں کوئی مدد نہیں دیتیں۔ انہوں نے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے ستمبر میں ایران کے بارے میں منظور کی گئی ایک اور قرارداد پر بھی تنقید کی اور اسے بے معنی اقدام قرار دیا۔
اولیانوف نے کہا کہ ایجنسی کے مکمل معائنے دوبارہ شروع کرنے کے لیے صرف تکنیکی اقدامات کافی نہیں ہیں۔ ان کے خیال میں سب سے پہلے بحران کی بنیادی وجوہات کا ازالہ ضروری ہے۔ یعنی ابتدا میں فوجی کارروائیاں بند کی جائیں اور امریکہ و اسرائیل کی جانب سے طاقت کے استعمال اور فوجی قوت استعمال کرنے کی دھمکیوں سے گریز کے حوالے سے قابلِ اعتماد ضمانتیں فراہم کی جائیں۔
روس کے مستقل نمائندے نے مزید کہا: جیسا کہ اب تک سب کو سمجھ آ جانا چاہیے تھا، اس مسئلے کے مذاکرات کے ذریعے حل کے سوا کوئی متبادل نہیں ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی جارحیت کے باعث تہران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کی ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی محدود کر دی ہے۔
اس حوالے سے ایران کے جوہری توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے بھی کہا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ایران کی ان جوہری تنصیبات کا معائنہ کرے جنہیں پہلے ان دونوں ممالک نے نشانہ بنایا تھا، اور تہران کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے۔
ان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اب بھی حالتِ جنگ میں ہے اور جب تک ایجنسی حملوں کا نشانہ بننے والی تنصیبات کے معائنے کے لیے کوئی ضابطۂ کار تیار نہیں کرتی، معائنہ کاری دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
ایران کا جوہری بجلی گھر بوشہر بھی ان جوہری تنصیبات میں شامل تھا جنہیں اسرائیلی اور امریکی فوج نے حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ بجلی گھر روسی سرکاری کمپنی ’’روس اٹم‘‘ کے تعاون سے ایران میں تعمیر کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ