بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ سعودی جنگی طیاروں نے آج صبح یمن پر وسیع فضائی حملوں کے دوران، اس ملک کے مختلف صوبوں میں کئی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
یمن کی سرکاری خبر ایجنسی "سبأ" نے رپورٹ دی کہ ان حملوں میں سے ایک میں، الحدیدہ کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ، جو اس ساحلی شہر کے جنوب میں بحیرہ احمر کے کنارے واقع ہے، نشانہ بنایا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق، سعودی جنگی طیاروں نے "صوبہ عمران" کے علاقے حرف سفیان میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک ایندھن اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو عام شہری شہید اور آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔
لحج اور تعز میں سڑکوں کو نشانہ بنانا، اور صوبہ صعدہ میں محکمہ امیگریشن پر بمباری
علاوہ ازیں "المیادین" نیٹ ورک کے نامہ نگار نے رپورٹ دی کہ سعودیوں نے ایک فضائی حملے میں "نقیل حجۃ العبد" سڑک کو نشانہ بنایا؛ یہ ایک اہم راستہ ہے جو "تعز" کے جنوب میں "الشمایتین" کے علاقے کو "لحج" کے شمالی علاقے علاقہ "المقاطرة" سے ملاتا ہے۔
ان حملوں میں المقاطرہ کے علاقے میں "خالد بن ولید" اسکول اور "الربع" نامی بازار پر تین الگ الگ بمباریاں بھی شامل ہیں۔
صوبہ صعدہ میں ایک مقامی ذریعے کے مطابق، اتوار کی شام بھی سعودی طیاروں نے دو بار صعدہ شہر میں محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ کی عمارت کو نشانہ بنایا۔
سبأ کی رپورٹ کے مطابق، ان سعودی حملوں کے نتیجے میں علاقہ "شدا" میں ایک شہری اور "الرقو" کے علاقے کو ـ جو منبہ کے حصے میں واقع ہے ـ میں ایک اور شہری زخمی ہوئے۔ یہ دونوں علاقے سرحدی پٹی میں واقع ہیں۔
یمن میں المیادین نیٹ ورک کے دفتر کے ڈائریکٹر "عبداللہ الفرح" نے لکھا کہ یہ فضائی حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب یمن میں میدانی پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب کی حمایت یافتہ قوتوں کی نقل و حرکت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا: اسی دوران، یمن کی مسلح افواج نے 3000 مربع کلومیٹر سے زیادہ اور کئی اسٹراٹیجک مقامات پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے؛ اس جنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنازع کا توازن ماضی کے مقابلے میں کس قدر زیادہ بدل گیا ہے۔
لیکن سعودی حکومت یمن کے مختلف صوبوں میں شہری بنیادی ڈھانچے، رہائشی مکانات اور زندگی کے اہم ستونوں کے خلاف اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے مقابلے میں، یمن کی مسلح افواج جائز جوابی کرنے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں؛ وہ سعودیوں کے ہوائی اڈوں اور اہم فوجی اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بناتی ہیں، اور ریاض کی جانب سے منظم فوجی نقل و حرکت کا بھی مؤثر مقابلہ کرتیی ہیں۔
ریاض کی مسلسل میدانی ناکامیاں
ایک متعلقہ پیش رفت میں، یمن کے ایک اعلیٰ فوجی ذریعے نے اتوار کے دن المیادین نیٹ ورک کو بتایا کہ "یمن کی مسلح افواج اور انصار اللہ نے العمالقہ (نام نہاد دیووں کے بریگیڈ) اور نام نہاد "درع الوطن" (وطن کی ڈھال) نامی ملیشیاؤں کے دسوں ہزار اجرتیوں کو باب المندب کے قریب ساحلی پٹی، نیز صوبہ لحج میں "المضاربہ" اور "رأس العارہ" کے وسیع علاقوں سے پسپائی پر مجبور کر دیا گیا ہے۔
اس ذریعے نے مزید کہا کہ یمن کی مسلح افواج شدید اور کئی ہفتوں سے گھمسان کی جنگ میں مصرف رہیں جس میں میزائل، ڈرون اور فضائی دفاعی یونٹوں نے فعال کردار ادا کیا۔
انھوں نے مزید کہا: "سعودی طیاروں کے ہزاروں فضائی حملے، ریاض کی فرمانبردار اجرتی ملیشیاؤں کی حفاظت نہیں کر سکے؛ وہ ملیشیائیں جنہوں نے یمنی فوج کی درست اور زوردار کارروائیوں کے سامنے فرار کو قرار پر ترجیح دی اور 'صحیح سلامت' بھاگ کھڑی ہوئیں۔"
دوسری جانب، "انصار اللہ" تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن ضیف اللہ الشامی نے بھی المیادین نیٹ ورک کو بتایا: "سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا صرف اسی وقت ممکن ہو گا جب یہ ملک یمن کی ناکہ بندی بندی ختم کرے گا اور اس ملک کے معاملات میں اپنی مداخلتوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرے گا۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ