11 نومبر 2026 - 12:39
ایرانی چیف آف اسٹاف: دوبارہ غلطی کی تو پہلے سے زیادہ تباہ کن حملے کریں گے

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن ضربوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف خطرے کا ہر مرکز غیر متناسب کارروائیوں کا براہِ راست ہدف بنے گا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور مرکزی ہیڈکوارٹر حضرت خاتم الانبیاءؐ کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی کے نام اپنے پیغام میں ایران کے میزائل پروگرام کے بانی میجر جنرل حسن تہران مقدم اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی پندرہویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہیں کہ ماضی میں لگنے والی ضربیں صرف آغاز تھیں۔ اگر انہوں نے دوبارہ کوئی غلط حساب لگایا تو انہیں اس سے کہیں زیادہ تباہ کن ضربوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ ایک معتبر انتباہ ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی موجودہ صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

بریگیڈیئر جنرل پاسدار سید مجید موسوی
کمانڈر، سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی بہادر اور باصلاحیت ایرو اسپیس فورس

السلام علیکم

۱۱نومبر ۲۰۲۶ کو ایران کے میزائل پروگرام کے بانی میجر جنرل پاسدار حسن تہران مقدم اور ان کے متعدد ساتھیوں کی شہادت کی پندرہویں برسی کے موقع پر، میں آپ کو، اس اسٹریٹجک اور تاریخ ساز فورس کے کمانڈروں، ماہرین، مجاہدین اور باایمان، متعہد اور بہادر اہلِ علم کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جو ایرانی قوم اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ اسی طرح اپنے عزیز وطن کے خلاف مسلط کردہ امریکی۔صیہونی جنگوں کے مقابلے میں دوسری اور تیسری دفاعی جنگ کے دوران آپ کی قابلِ فخر کامیابیوں پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

شہید تہران مقدم کی برسی ہمارے لیے اس عظیم شہید کے ملک کی میزائل طاقت کی بنیاد رکھنے اور اس کی تعمیر میں بنیادی کردار کو یاد کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ان کی بلند حوصلگی، جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور بے لوث و انتھک جدوجہد نے آج اسلامی ایران کی دفاعی قوت کی مضبوط بنیادیں رکھیں اور ایک طاقتور ایران اور مثالی دفاعی صلاحیت کی جانب ملک کے سفر کو آسان بنایا۔ یہ وہ ورثہ ہے جو آج آپ اور اس فورس کے ماہرین کی صلاحیتوں کے ذریعے ثمرآور ہو رہا ہے۔

اس فورس کی بے شمار اور حیران کن اسٹریٹجک کامیابیوں نے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی قوت کی عظمت اور قومی اقتدار کی حقیقت کو آشکار کیا ہے۔ ان کامیابیوں کا نمایاں اظہار ’’وعدۂ صادق‘‘ اور ’’نصر‘‘ کے سلسلہ وار آپریشنز میں ہوا، جو ’’ہم کر سکتے ہیں‘‘ کے عزم اور حق کے محاذ کی باطل کے محاذ پر فتح کے الٰہی وعدے کی تکمیل کی روشن مثال ہیں۔

سپاہِ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس نے وطن کی دفاعی اور عسکری صنعت کے دیگر اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کرتے ہوئے ایرانی ماہرین کی صلاحیتوں اور مجاہدین کے پختہ ایمان کی بدولت خودکفالت کا سفر صفر سے سو تک مکمل کیا اور ہتھیاروں کی درآمد اور بیرونی ممالک پر انحصار کی ضرورت ختم کردی۔ اس طرح طاقتور ایران اسلحہ خریدنے والے ملک سے اہم دفاعی سازوسامان تیار کرنے اور برآمد کرنے والی ایک بڑی طاقت بن چکا ہے۔

حقیقی میدانِ جنگ میں، خصوصاً گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ مغرب کے جدید دفاعی نظام ایرانی عزم اور ٹیکنالوجی کے سامنے ناکام ہو چکے ہیں۔ امریکی۔صیہونی دشمن کے جدید نظام ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی رفتار، نقل و حرکت کی صلاحیت اور دیگر خصوصیات کے سامنے غیر مؤثر اور مفلوج ہوگئے۔

اسی طرح ملک کی میزائل اور ڈرون صنعتوں کی پائیداری اس سطح تک پہنچ چکی ہے کہ دشمن کی شدید بمباری اور حملوں کے دوران بھی ہتھیاروں کی تیاری بلا تعطل جاری رکھی جا سکتی ہے۔ زیرِ زمین گہرائیوں اور سرنگوں میں قائم پیداواری مراکز ملک کے دفاعی اور عسکری ذخائر میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یہ ایسی صلاحیت ہے جو کسی بھی صورت دشمن کو ہمارے ہتھیاروں کی تیاری، ترقی اور جدیدکاری کا عمل روکنے کی اجازت نہیں دے گی۔

اس موقع پر میں آپ اور ایرو اسپیس فورس کے تمام کمانڈروں، سائنس دانوں، ماہرین اور مجاہدین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے جہادی جذبے اور پختہ ایمان کے ساتھ اسلامی ایران کی سلامتی اور اقتدار کو اعلیٰ ترین سطح پر یقینی بنایا اور اس سرزمین کی مسلح افواج پر عوام کے اعتماد، یقین اور حمایت کو مضبوط کیا ہے۔

آخر میں اس بات پر زور دیتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج رہبرِ معظم اور سپریم کمانڈر انچیف حضرت امام سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (دامت برکاتہ) کے احکامات اور ہدایات پر عمل درآمد میں ایک لمحے کی تاخیر نہیں کریں گی۔ اسلامی جمہوریہ کے وجود کے لیے خطرے کا ہر مرکز غیر متناسب کارروائیوں کا براہِ راست ہدف ہوگا۔

امریکہ اور صیہونی حکومت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہیں کہ ماضی کی ضربیں صرف آغاز تھیں۔ اگر انہوں نے دوبارہ کوئی غلطی یا غلط اندازہ لگایا تو انہیں اس سے کہیں زیادہ تباہ کن ضربوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ ایک معتبر انتباہ ہے، جو اسلامی ایران کی مسلح افواج کی موجودہ صلاحیتوں اور زمینی حقائق پر مبنی ہے۔

میں خداوند متعال سے ایرو اسپیس فورس کے عظیم شہداء، بالخصوص میجر جنرل پاسدار حسن تہران مقدم اور میجر جنرل پاسدار امیر علی حاجی زادہ کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں۔ اسی طرح آپ، اس فورس کے تمام کارکنوں اور وطن کے دیگر محافظوں کی مزید کامیابیوں کے لیے حضرت ولی عصرؑ کی عنایات کے سائے میں، ولایت کے پرچم تلے اور سپریم کمانڈر انچیف کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھنے کی توفیق کا طلب گار ہوں۔

مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف
اور مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاءؐ کے کمانڈر
میجر جنرل پائلٹ علی عبداللہی
آبان ۱۴۰۵ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha