21 ستمبر 2026 - 16:22
آیت اللہ سیستانی: آیت اللہ شبیری زنجانی کا عملی کردار اہل علم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا

آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے آیت اللہ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیمتی علمی تصانیف اور دیگر دینی خدمات ایک گراں قدر میراث ہیں، جبکہ ان کا عملی کردار اور طرزِ زندگی اہل علم کے لیے ہمیشہ ایک پائیدار نمونہ رہے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے آیت اللہ سید موسیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

آیت اللہ سیستانی کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

عصمت و طہارت کے حامل اہل بیت (علیہم السلام) کے بزرگ فقیہ اور مرجع تقلید آیت اللہ حاج سید موسیٰ شبیری زنجانی (رضوان اللہ علیہ) کا انتقال ایک دردناک سانحہ اور عظیم نقصان ہے۔

اس بزرگ شخصیت نے اپنی بابرکت زندگی تحقیق اور تعلیم کے لیے وقف کر دی۔ وہ قم کے بابرکت حوزہ علمیہ کے جلیل القدر علما اور ممتاز اساتذہ میں شمار ہوتے تھے اور ایک نمایاں عالمِ ربانی کی حیثیت رکھتے تھے۔

ان کی قیمتی علمی تصانیف اور دیگر دینی خدمات ایک گراں قدر میراث ہیں، جبکہ ان کا عملی کردار اور طرزِ زندگی اہل علم کے لیے ہمیشہ ایک پائیدار نمونہ رہے گا۔

اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں ان کے پاکیزہ آباؤ اجداد کے ساتھ محشور فرمائے۔

میں انتہائی رنج و غم کے ساتھ اس عظیم سانحے پر حضرت ولی عصر (ارواحنا فداه)، حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے معزز اہل خانہ، بالخصوص ان کے گرامی قدر فرزندان اور تمام اہل ایمان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے سب کے لیے صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم کی دعا کرتا ہوں۔

لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّهَ إِلَّا بِاللَّهِ الْعَلِیِّ الْعَظِیمِ

علی حسینی سیستانی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha