29 اگست 2026 - 15:00
اسرائیلی جرائم روکنے کے لیے علاقائی اتحاد قائم کیا جائے:صنعا

یمن کے نائب وزیر خارجہ عبدالواحد ابوراس نے فلسطین سمیت خطے میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے علاقائی اتحاد قائم کرنے پر زور دیا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے نائب وزیر خارجہ عبدالواحد ابوراس نے فلسطین سمیت خطے میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے علاقائی اتحاد قائم کرنے پر زور دیا ہے۔

عبدالواحد ابوراس نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور امریکی حمایت کے سائے میں بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔

یمنی نائب وزیر خارجہ نے سرکاری خبر رساں ادارے سبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق عالمی برادری کی یہ خاموشی اسرائیلی جرائم پر خاموش تماشائی بننے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں اور کارروائیوں کے خلاف ردعمل صرف مذمتی بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایسے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں جو ان جرائم کو روکنے میں مؤثر ثابت ہوں۔

عبدالواحد ابوراس نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اسلامی ممالک کو تقسیم کرنے یا کمزور کرنے کے لیے اتحاد بنانے کے بجائے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ علاقائی ممالک کو ایک ایسا اتحاد تشکیل دینا چاہیے جس کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کو روکنا اور خطے میں اسرائیلی قبضے اور جارحیت کا مقابلہ کرنا ہو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha