اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے جنوبی علاقے مسافر یطا میں واقع گاؤں سوسیا کے قریب فلسطینیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے دوران ایک فلسطینی نوجوان نے ایک اسرائیلی آبادکار کا اسلحہ چھین لیا اور وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔
اسرائیلی چینل 11 کے مطابق واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے مسافر یطا اور اس کے اطراف میں بڑی تعداد میں فوجی تعینات کر دیے اور نوجوان کی تلاش کے لیے گھروں کی تلاشی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
اسرائیلی چینل 14 اور فوجی ریڈیو نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے برعکس زخمی ہونے والا آبادکار گولی لگنے سے نہیں بلکہ سر پر پتھر لگنے کے باعث زخمی ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی یطا کے علاقے جورۃ الجمل میں ایک گاڑی روک کر اس میں موجود طبی عملے کے ارکان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے خلۃ الحمص کے علاقے میں فلسطینی گھروں پر فائرنگ بھی کی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ مسافر یطا حالیہ عرصے میں شدید کشیدگی کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں فلسطینیوں اور اسرائیلی آبادکاروں کے درمیان زمینوں پر قبضے کے تنازعے کے باعث جھڑپوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ