اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کے صدر جوزف عون نے اپنے دورۂ واشنگٹن کے دوران کہا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا مخلصانہ سیاسی عزم کی موجودگی میں ممکن ہے، تاہم اس کے لیے تین بنیادی شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔
جوزف عون نے واشنگٹن میں لبنان کے سفیر حمادہ معوض کی جانب سے دی گئی ایک ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی شرط لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی قبضے کا مکمل خاتمہ، دوسری شرط لبنانی فوج کا ملک کے تمام علاقوں پر مکمل کنٹرول اور تیسری شرط ملک کی تعمیرِ نو کا منصوبہ صرف لبنانی حکومت کی نگرانی میں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کے بغیر نافذ کیا جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اسی صورت میں محفوظ، مستحکم اور متحد رہ سکتا ہے جب ملک میں صرف ایک ریاست اور ایک ہی قومی فوج ہو، جو کسی امتیاز کے بغیر تمام لبنانی شہریوں کا تحفظ کرے۔
اس موقع پر واشنگٹن میں لبنان کے سفیر حمادہ معوض نے کہا کہ یہ دورہ لبنانی عوام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن، خوشحالی اور استحکام سے متعلق مطالبات کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس سے لبنان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ جوزف عون نے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں بھی اس بات پر زور دیا تھا کہ اسرائیلی فوج لبنان کے تمام مقبوضہ علاقوں سے مکمل انخلا کرے۔
آپ کا تبصرہ