اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے آج پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ بحیرۂ احمر میں صہیونی دشمن کی ہر قسم کی بحری نقل و حرکت مکمل طور پر ممنوع قرار دی جاتی ہے، اور یمن کسی بھی صہیونی سرگرمی کو فوجی ہدف تصور کرتے ہوئے نشانہ بنائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یمنی افواج نے مقبوضہ یافا میں صہیونی رژیم کے ایک حساس ہدف کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یمن ہر قسم کی کشیدگی کا بھرپور جواب دے گا اور اس کی عسکری کارروائیاں میدانِ جنگ کی صورتحال اور محورِ جہاد و مزاحمت کے ساتھ ہم آہنگی کے مطابق مزید شدت اختیار کریں گی۔
یحییٰ سریع نے کہا کہ یمن اپنے عوام اور امتِ مسلمہ کے آزاد ضمیر رکھنے والے افراد کے اس حق پر زور دیتا ہے کہ وہ امریکی۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف کھڑے ہوں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یمن اپنے عوام اور مزاحمتی محور کی اقوام پر مسلط کیے گئے ظالمانہ محاصرے کے سامنے خاموش نہیں بیٹھے گا۔
یمنی افواج کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ دشمن کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، اور جب تک جارحیت اور محاصرہ جاری رہے گا، یمن کی مسلح افواج کی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔
آپ کا تبصرہ