4 جون 2026 - 16:43
زکزاکی: امام خمینیؒ کی فکر ہی امتوں کی نجات اور کامیابی کا واحد راستہ ہے

ابوجا میں "ہفتۂ امام خمینی" کی تقریب سے خطاب، انتظار کو خاموشی نہیں بلکہ جدوجہد، عمل اور ذمہ داری قرار دیا

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، نائجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی نے کہا ہے کہ امام خمینی کی فکر اور مکتب آج بھی زندہ ہے اور موجودہ عالمی بحرانوں سے نجات کے لیے امتِ مسلمہ کو اسی فکر کی طرف رجوع کرنا ہوگا، کیونکہ یہی امتوں کی فلاح اور کامیابی کا واحد راستہ ہے۔

ابوجا میں اسلامی تحریک کے طلبہ ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ سینتیسویں "ہفتۂ امام خمینی" سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ابراہیم زکزاکی نے امام خمینیؒ کو موجودہ دور کے لیے ایک الٰہی نعمت قرار دیا، جنہوں نے امتِ مسلمہ کی سوچ کو بدل دیا اور عالمی سطح پر گہرے اور بنیادی انقلابی اثرات مرتب کیے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے "انتظار" کے تصور کو نئی جہت عطا کی۔ ان کے نزدیک انتظار صرف خاموشی سے بیٹھنے یا حالات کا تماشائی بننے کا نام نہیں بلکہ ایک متحرک، طاقتور اور عملی جدوجہد ہے جو ظہورِ امام زمانہؑ سے پہلے بھی امت کی ذمہ داری ہے اور ظہور کے بعد بھی۔

شیخ زکزاکی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے دین کے بارے میں دنیا کا تصور تبدیل کر دیا۔ ان کی فکر نے ثابت کیا کہ دین آزادی، عزت اور خودمختاری کے حصول کا ذریعہ ہے، نہ کہ عوام کو دبانے یا بے حس بنانے کا آلہ، جیسا کہ استکباری طاقتیں ماضی میں پیش کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی طاقت عوام کے ہاتھ میں ہوتی ہے اور امام خمینیؒ نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ ظالم قوتوں پر حتمی کامیابی صرف ظلم کے خلاف استقامت، فتنوں میں ثابت قدمی اور اللہ تعالیٰ پر سچے توکل کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔

نائجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج اسلام دشمن اور عالمی استکباری قوتیں امام خمینیؒ کی فکر کے اثر و نفوذ سے خوف زدہ ہیں اور اس الٰہی فکر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ آج بھی زندہ ہیں، کیونکہ ان کی فکر، ان کا راستہ اور ان کا مکتب آج بھی معاشروں میں جاری و ساری ہے۔ امتِ مسلمہ کو کسی نئے راستے کی تلاش کی ضرورت نہیں بلکہ خلوص کے ساتھ امام خمینیؒ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔

شیخ زکزاکی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ یہی وہ فکر ہے جس پر آیت اللہ سید علی خامنہ ای استقامت کے ساتھ قائم ہیں، لہٰذا آج کی دنیا کو اپنے بحرانوں سے نکلنے کے لیے امام خمینیؒ کی فکر کی جانب واپس لوٹنا ہوگا، کیونکہ یہی فکر امتوں کی نجات اور کامیابی کا واحد راستہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha