اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،نائجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے زائرینِ اربعین پر زور دیا ہے کہ وہ اخلاص، اعلیٰ اخلاق اور بہترین کردار کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کے باوقار سفیر بنیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، شیخ زکزاکی نے عراق روانگی سے قبل اربعین کے زائرین سے اپنے ابوجا میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اربعین کی زیارت اسلامی تاریخ کی قدیم اور عظیم روایت ہے، جس کا آغاز واقعۂ کربلا کے بعد پہلے اربعین پر حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ نے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ زیارتِ اربعین محبت، وفاداری اور اہلِ بیتِ رسولؐ سے عقیدت کا عظیم مظہر ہے، جو انسان کو دینی اقدار اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کے مزید قریب لے جاتی ہے۔
شیخ زکزاکی نے زائرین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے سفر میں خلوصِ نیت، اسلامی اخلاق اور باوقار طرزِ عمل کو اپنائیں تاکہ اپنے کردار اور اعمال کے ذریعے اسلام اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی صحیح اور مثبت تصویر دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔
انہوں نے بڑے مذہبی اجتماعات کے حوالے سے منفی عمومی تاثر پیدا کرنے سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حج کے دوران چند افراد کی غلطیوں کی بنیاد پر تمام حجاج کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا، اسی طرح اربعین جیسے عظیم اجتماع کے بارے میں بھی چند افراد کے رویے کی وجہ سے پوری جماعت پر تنقید درست نہیں۔
تقریب کے اختتام پر شیخ ابراہیم زکزاکی نے تمام زائرین کی سلامتی، صحت اور کامیاب سفر کے لیے دعا کی۔
آپ کا تبصرہ