1 جون 2026 - 16:40
حالیہ جنگ میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے 20 فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا، بی بی سی

بی بی سی کی سیٹلائٹ تصاویر پر مبنی تحقیق کے مطابق ایران کے حملوں میں آٹھ ممالک میں قائم امریکی فوجی تنصیبات متاثر ہوئیں، جبکہ نقصان کی مالیت کروڑوں ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ایران کے حملوں میں مشرقِ وسطیٰ میں واقع امریکہ کے کم از کم 20 فوجی اڈوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ تباہی کی سطح پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین نے سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ایران کے حملوں سے امریکی فوجی تنصیبات کے مختلف حصے متاثر ہوئے، جن میں فضائی دفاعی نظام، ایندھن بھرنے والے طیارے، ریڈار نظام، ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، طیاروں کے ہینگرز اور فوجیوں کی رہائش و تعیناتی کے مراکز شامل ہیں۔

بی بی سی کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے ہونے والے نقصانات کی مالیت لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں ڈالر تک پہنچتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خلیج فارس کے چھ ممالک کے علاوہ عراق اور اردن میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والا نقصان ابتدائی طور پر ظاہر کی جانے والی معلومات سے کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بعض تجزیہ کاروں کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممکن ہے نشانہ بننے والی امریکی فوجی تنصیبات کی تعداد 20 سے بھی زیادہ ہو۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سال 2027 کے لیے تجویز کردہ 1.5 ٹریلین ڈالر کا دفاعی بجٹ بھی حالیہ جنگ کے بعد امریکی فوجی ذخائر اور صلاحیتوں میں پیدا ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ خدشات پینٹاگون کے حکام کے ان بیانات سے بھی مطابقت رکھتے ہیں جن میں جنگی اخراجات اور عسکری وسائل کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

اے بی سی نیوز کے مطابق امریکی وزارتِ دفاع کے مالی امور کے نائب وزیر جولز جی ہیرسٹ نے 12 مئی کو کانگریس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس تاریخ تک ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ پر مجموعی طور پر تقریباً 29 ارب ڈالر خرچ ہو چکے تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha