1 جون 2026 - 16:52
بحرین میں ’’ہیہات منا الذلہ‘‘ کے نعرے پر پابندی عائد

محرم الحرام سے قبل بحرینی حکام نے ذاکرین اور خطباء کو طلب کرکے عزاداری کی مجالس پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بحرین کے سکیورٹی اداروں نے ماہِ محرم کی آمد سے قبل متعدد منبروں کے خطباء اور مقررین کو طلب کر کے عزاداری کی مجالس اور مذہبی شعائر کے انعقاد کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

بحرین کی نام نہاد ’’ہیئت امور زندانیان بحرین‘‘ کے مطابق ان اقدامات میں مجالسِ عزا کے لیے 40 منٹ کی وقت کی حد مقرر کرنا، بعض حسینی نعروں بالخصوص ’’ہیہات منا الذلہ‘‘ کے نعرے کو بلند کرنے یا دہرانے پر پابندی عائد کرنا، اور خطباء کو ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد سے وابستہ تاریخی اور سیاسی شخصیات کا ذکر کرنے سے روکنا شامل ہے۔

اس ادارے نے ان فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بحرین کی شیعہ اکثریت کے خلاف اختیار کی جانے والی محدودیت پسند پالیسیوں کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد مذہبی مناسبات کی نگرانی اور کنٹرول میں مزید اضافہ کرنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل سکیورٹی اقدامات میں شدت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ بحرینی حکام پیغامِ عاشورا اور مجالسِ عزا کے سماجی و ثقافتی اثرات کے بارے میں تشویش رکھتے ہیں۔

ہیئت امور زندانیان بحرین نے مزید کہا کہ یہ پابندیاں گزشتہ برسوں کے دوران اختیار کیے گئے ان اقدامات کا تسلسل ہیں جن میں بعض علماء، خطباء اور مذہبی شخصیات کی گرفتاریاں، طلبیاں اور ان پر مختلف نوعیت کے دباؤ شامل رہے ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا کہ ایسی پالیسیوں کا تسلسل بحرین میں مذہبی شعائر کی آزادی اور معاشرے کی دینی و ثقافتی شناخت کے تحفظ پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha