20 مئی 2026 - 15:38
چین اور روس کی جانب سے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی مذمت، منصفانہ عالمی نظام پر زور

روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے ساتھ ایک «منصفانہ اور کثیر قطبی عالمی نظام» کے قیام پر زور دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، روسی صدر ولادیمیر پوتین اور چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان «جامع اسٹریٹجک شراکت داری» کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے اس دستاویز کو ایک جامع سیاسی اعلامیہ قرار دیا جس میں ماسکو اور بیجنگ کے دوطرفہ تعلقات اور اہم عالمی مسائل پر مشترکہ مؤقف کی وضاحت کی گئی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں دونوں ممالک نے واضح کیا کہ ان کے تعلقات کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ باہمی احترام، خودمختاری اور داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصولوں پر مبنی ہیں۔

یوکرین کے حوالے سے روس اور چین نے بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی راستے اختیار کرنے پر زور دیا اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازع کے بنیادی اسباب کے حل کو ضروری قرار دیا۔ روس نے یوکرین جنگ کے بارے میں چین کے «متعادل اور غیر جانب دار مؤقف» کو بھی سراہا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر دونوں ممالک نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ اعلامیے میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے قیام اور کشیدگی کم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اعلامیے میں «نوآبادیاتی طرزِ فکر» اور عالمی سیاست میں محاذ آرائی پر مبنی بلاک بندی کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ بین الاقوامی تعلقات میں دوبارہ «جنگل کے قانون» کو مسلط کرنے کی کوششیں عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہوں گی۔

روس اور چین نے اس موقع پر اقتصادی، سائنسی، ٹیکنالوجی، دفاعی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ BRICS، Shanghai Cooperation Organisation اور G20 کے پلیٹ فارمز پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha