اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژان نوئل بارو سے ٹیلیفونک گفتگو میں خبردار کیا ہے کہ ایران کے بنیادی ڈھانچوں پر کسی بھی حملے کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عراقچی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو جنگی جرائم کو معمول بنانے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر ایسے اقدامات کیے گئے تو ایران کی مسلح افواج کی جانب سے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کسی بھی کشیدگی کے اثرات صرف ایران یا خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی توانائی کی منڈی اور معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب فرانسیسی وزیر خارجہ نے جنگ کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات اور دھمکیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں، اور مسائل کا حل سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ