اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق ،ہندوستان کے مذہبی رہنما مولاناکلب جوادنقوی نے لکھنو میں ایک عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔شہادتیں ہمیں مزید مضبوط کرتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل نے بزدلی اور دھوکےسے آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کیاہے ۔مگر دنیا یاد رکھے شہید کاخون رائیگاں نہیں جاتا۔انہوں نےکہاکہ میڈیا مسلسل کہہ رہاتھاکہ آیت اللہ خامنہ بنکر میں چھپے ہوئے ہیں مگر میڈیا کو اس وقت شرمناک رسوائی کا سامناہواجب معلوم ہواکہ وہ شہادت کے وقت بھی اپنے دفتر میں تھے ۔
دنیا سمجھ لے کہ حسینی نہ جھکتے ہیں اور نہ چھپتے ہیں ۔مولانانے مسلم حکمرانوں کی منافقت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکومتیں یہودی ہیں انہیں مسلمان نہ کہاجائے ۔انہوں نے کہاکہ آج تک کسی نام نہاد مسلم حکومت نے غزہ کے مظلوموں کی حمایت نہیں کی،ان کی فریاد پر لبیک نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ تنہا ایران ہے جو فلسطین کی حمایت اور مظلوموں کی آواز بن کر کھڑارہا، اس حمایت کانتیجہ ہے جو آج ایران پر جنگ تھوپی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل دو دہشت گرد طاقتیں ہیں جنہوں نے دنیا کا امن برباد کردیاہے ۔آخر انہیں کیاحق پہونچتاہے کہ وہ ایران کے معاملات میں مداخلت کریں ۔مولانانے کہاکہ رہبر معظم نے ہمیشہ اتحاد کی دعوت دی ان کی تحریک کااثر ان کی شہادت کے بعد زیادہ نمایاں نظر آرہاہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر طرف شیعہ اور سنّی سڑکوں پر نکل کر ان کی حمایت میں احتجاج کررہے ہیں ۔مولانانے کہاکہ ہندوستان کے تمام مسلمان ایران کے ساتھ ہیں ۔ہم ہرگز ایران کی قیادت اورعوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ۔مولانانے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل تاریخ کو ہرگز فراموش نہ کریں ، جیت ہمیشہ موسیٰ کی ہوئی ہے فرعون کی نہیں ۔آج بھی موسیٰ کو فتح حاصل ہوگی اور فرعون مع اپنے جنگی بیڑوں کے سمندر میں غرق ہوگا۔
آپ کا تبصرہ