24 فروری 2026 - 10:41
مآخذ: ابنا
اسرائیل مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتریش نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتریش نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اس حل کو ناکام بنانے کی طرف لے جا رہے ہیں، تاہم دنیا ایسی کسی کوشش کی اجازت نہیں دے سکتی۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہیں اور کئی مقامات پر قانون کی حکمرانی کے بجائے طاقت کا قانون غالب آ رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض اوقات بین الاقوامی قوانین کو رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، جو عالمی نظام کے لیے خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو انسانی حقوق کا عالمی نظام کمزور ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف، بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔

گوترش نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق فلسطینی عوام کے لیے آزاد ریاست کا قیام کوئی انعام نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر دو ریاستی حل کو مسترد کیا جاتا ہے تو اس کا متبادل کیا ہوگا؟ کیا ایک ایسی واحد ریاست جہاں فلسطینی اپنے بنیادی حقوق سے محروم رہیں اور امتیازی سلوک کا شکار ہوں، قابلِ قبول ہو سکتی ہے؟

اقوام متحدہ کے سربراہ اس سے قبل بھی مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو “ریاستی اراضی” قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت کر چکے ہیں اور اسے بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha