17 دسمبر 2025 - 17:42
ادلب میں داعش کی خفیہ سرگرمیوں میں اضافہ؛ شہر اور مضافات میں دھمکی آمیز پمفلٹس کی تقسیم سے خوف و ہراس

شام کے شہر ادلب اور اس کے گرد و نواح میں داعش سے منسوب دھمکی آمیز پمفلٹس کی تقسیم کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شام کے شہر ادلب اور اس کے مضافاتی علاقوں میں داعش کے خفیہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو دھمکی آمیز منشورات اور پمفلٹس کی تقسیم کے ذریعے خود کو ظاہر کر رہے ہیں، جبکہ جولانی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں سکیورٹی کی ابتر صورتحال بدستور برقرار ہے۔

شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بدھ کے روز رپورٹ کیا کہ ادلب شہر کے مختلف محلوں اور اس کے نواحی قصبوں میں ایسے پمفلٹس دیکھے گئے ہیں جن میں جولانی حکومت کو نشانہ بنایا گیا ہے اور داعش کی سرگرمیوں کی واپسی کی کھلی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

ان پمفلٹس میں ایک عبارت میں کہا گیا ہے کہ جس چیز کو آج آزادی قرار دے کر اس پر جشن منایا جا رہا ہے، وہ درحقیقت اسلامی لبادے میں کرداروں کی تبدیلی ہے، جس سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ دیگر تحریروں میں داعش کی جلد واپسی پر زور دیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، ان منشورات کی تقسیم کے بعد ادلب اور اطراف کے علاقوں کے رہائشیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ سکیورٹی کے فقدان کے ماحول میں ایسی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ کیوں ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شامی آبزرویٹری نے 29 نومبر کو مشرقی دیرالزور کے شہروں محکان اور القوریہ میں، جو جولانی حکومت کے کنٹرول میں ہیں، اسکولوں کی دیواروں پر داعش سے منسوب اسی نوعیت کے نعرے درج ہونے کی اطلاع دی تھی۔

ان نعروں میں ’’داعش باقی ہے‘‘ اور ’’ہم آ رہے ہیں، اے اتحاد کے کتوں‘‘ جیسی صریح دھمکیاں شامل تھیں، جنہوں نے عوام میں خوف و دہشت پھیلا دی اور اس امر کی نشاندہی کی کہ داعش کے خفیہ سیل اب بھی ان علاقوں میں سرگرم ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha