پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے امورِ افغانستان محمد صادق خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کا خواہاں ہے، تاہم دہشت گردی سے متعلق اسلام آباد کے خدشات پر سنجیدگی سے توجہ دینا ناگزیر ہے۔

15 دسمبر 2025 - 12:13
مآخذ: سچ خبریں

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے امورِ افغانستان محمد صادق خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کا خواہاں ہے، تاہم دہشت گردی سے متعلق اسلام آباد کے خدشات پر سنجیدگی سے توجہ دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات تہران میں افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہی۔ محمد صادق خان کے مطابق وہ اس اجلاس میں پاکستان کے تہران اور کابل میں سفیروں اور وزارتِ خارجہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل برائے افغانستان کے ہمراہ شریک ہوئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے، مگر دہشت گردی کے مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی خدشات، خصوصاً سرحد پار دہشت گردی، پر فیصلہ کن توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ افغانستان کی صورتحال پر یہ علاقائی اجلاس اتوار کو تہران میں ایرانی وزارتِ خارجہ کی میزبانی میں منعقد ہوا، جس میں ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد افغانستان میں جاری سیاسی و سلامتی کی صورتحال پر مشاورت اور تبادلہ خیال تھا۔

اجلاس کے آغاز پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خطے اور جنوبی ایشیا کی صورتحال، بالخصوص افغانستان سے متعلق ایران کے اہم مؤقف سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس نشست میں پاکستان کے علاوہ روس، ازبکستان، چین، تاجکستان اور ترکمانستان کے نمائندے بھی شریک تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha