اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے معروف مذہبی رہنما اور آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا یعسوب عباس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حضرت امام حسینؑ کے نام اور سیرت کو باضابطہ طور پر قومی تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے، تاکہ نئی نسل کو کربلا کے پیغامِ حق، صبر، قربانی اور عدل و انصاف سے آگاہ کیا جا سکے۔
ایک پریس بیان میں مولانا یعسوب نے کہا کہ امام حسینؑ کی زندگی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی تعلیمات نوجوانوں میں اخلاقی شعور، حق گوئی اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں ایسے عظیم کرداروں کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا یعسوب نے زور دیا کہ نصاب میں امام حسینؑ کی قربانی کو غیر فرقہ وارانہ انداز میں شامل کیا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا پیغام صرف مسلکی نہیں بلکہ عالمی اور انسانی اقدار پر مبنی ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ماہرین تعلیم اور علمائے کرام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو نصاب میں اخلاقی و دینی رہنماؤں کی تعلیمات شامل کرنے کے لیے عملی سفارشات تیار کرے۔
آخر میں مولانا یعسوب نے کہا کہ اگر حکومت اس مطالبے کو سنجیدگی سے لے تو یہ اقدام نہ صرف تعلیمی نظام بلکہ معاشرے کی فکری اور اخلاقی بنیادوں کو بھی مضبوط کرے گا۔
آپ کا تبصرہ