اہل بیت نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ، اورنگزیب خان کھچی نے ایرانی عوام کی مہمان نوازی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی عظیم تہذیب اُن کی وطن کے دفاع اور جارح دشمن کے خلاف کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی و عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اورنگزیب خان کھچی، جو حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھتے ہیں، نے حال ہی میں ایران کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تہران میں ایرانی وزیرِ ثقافت سے ملاقات کی، شیراز میں فجر فلم فیسٹیول میں شرکت کی اور بعد ازاں مشہد مقدس جا کر روضۂ امام رضا (ع) کی زیارت کی۔
انہوں نے ارنا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ایرانی فلم انڈسٹری عالمی معیار کی حامل ہے اور پاکستانی فلم سازوں کے لیے ایران کے تجربات سے استفادہ ایک بہترین موقع ہے۔ دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور 6 ماہ سے ایک سال کے اندر تعاون کے عملی شعبوں کی نشاندہی پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر ثقافت پاکستان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلم، ڈرامہ اور سیاحتی دستاویزی فلموں کی تیاری پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوروز کا عالمی تہوار دونوں ممالک کے ثقافتی ماہرین و فنکاروں کو قریب لانے کا بہترین موقع ہے، اسی لیے پاکستان 2026 کے آغاز میں ایرانی ثقافتی وفد کو مدعو کرے گا اور اسلام آباد میں ایرانی فلموں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے مشہد کے سفر کو اپنے دورے کا اہم ترین حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام رضا (ع) کی زیارت سے روحانی برکات حاصل ہوئیں جو اس دورے کے مثبت نتائج میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اورنگزیب خان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی دوستی آزمودہ ہے اور پاکستان نے ہمیشہ ایران کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، خصوصاً حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف جارحیت کے دوران پاکستانی حکومت، پارلیمنٹ اور افواج نے ایران کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں ایرانی قوم نے دشمن کے خلاف تاریخی مزاحمت کی جو پوری اسلامی دنیا کے لیے باعثِ فخر ہے۔
آپ کا تبصرہ