27 نومبر 2025 - 16:33
مغربی کنارے  اسرائیلی قابض فوج کا دھاوا  20 سالہ فلسطینی نوجوان شہید

مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے جنین کے جنوب میں واقع شہر قباطیہ پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران بدھ کی شام فائرنگ سے 20 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا، جبکہ اسی دوران طوباس میں وسیع فوجی آپریشن کے نتیجے میں کم از کم 60 فلسطینی گرفتار کر لیے گئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی مقامی ذرائع کے مطابق، بدھ کی شام قباطیہ شہر میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان شہید ہو گیا۔ یہ واقعہ شمالی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے وسیع فوجی آپریشن کے ساتھ ہی پیش آیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شہید نوجوان کی شناخت اسامہ یاسر محمد کمیل (20 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جو قباطیہ میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی گولی لگنے سے شہید ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے شہر میں قابض فوج  کے دھاوے کے بعد جب مقامی نوجوانوں کی جانب سے احتجاج کا سامنا کیا تو ان پر براہِ راست فائرنگ کر دی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے متعدد گھروں کی تلاشی لی اور کئی مکانات کو نقصان بھی پہنچایا۔

میدانِ تصادم سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینی بچے بھی پتھراؤ کے ذریعے اسرائیلی فوجی گاڑیوں کے خلاف احتجاج کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اسی کے ساتھ سرکاری فلسطینی ریڈیو صوت فلسطین نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنین کے شمال مغرب میں واقع قصبے السیلہ الحارثیہ پر بھی یورش کی، جہاں اسے عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے علاوہ سبسطیہ، اوصرین، قفین، کفر مالک اور حوسان بھی گزشتہ شب اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔ حوسان میں کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار بھی کر لیا۔

ادھر طوباس میں بدھ کی صبح سے جاری اسرائیلی فوج کے وسیع آپریشن کے نتیجے میں، فلسطینی اسیران کلب اور Red Cross کی رپورٹ کے مطابق اب تک 60 فلسطینی گرفتار، 10 زخمی اور درجنوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

آج کے اس نوجوان کی شہادت کے بعد، اکتوبر 2023 سے غزہ کے خلاف اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1083 ہو گئی ہے۔

اسی عرصے میں زخمیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ گرفتار فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 20 ہزار 500 تک پہنچ چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، غزہ میں دو سال تک جاری رہنے والی اسرائیلی جنگ، جو 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے معاہدے کے بعد ختم ہوئی، 69 ہزار سے زائد شہداء اور 1 لاکھ 70 ہزار زخمیوں کا سبب بنی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha