16 نومبر 2025 - 17:52
سیدۂ کائناتؑ اسوۂ کاملہ ہیں، مغربی یلغار کا مقابلہ اسوۂ فاطمیؑ سے ممکن ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

پنجتنی امام بارگاہ مسجد الحیدر میں سالانہ مجلسِ عزائے سیدۂ کائناتؑ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہراءؑ پوری انسانیت خصوصاً خواتین کے لیے کامل نمونۂ عمل ہیں۔ انہوں نے مغربی ثقافتی یلغار کو امت کے اخلاقی زوال کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم خواتین کی نجات اسی وقت ممکن ہے جب وہ اسوۂ فاطمیؑ کو اختیار کریں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پنجتنی امام بارگاہ مسجد الحیدر میں ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے سالانہ مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا عالمین کی عورتوں کی سردار اور تمام انسانیت کے لیے کامل اسوہ ہیں۔ آپ اپنی سیرت، کردار، اخلاق اور افعال میں حضور سیدالانبیاء ﷺ کی حقیقی شبیہ تھیں، اسی لیے رسول اکرم ﷺ نے آپ کی رضا کو رضاے الٰہی اور آپ کی ناراضگی کو ناراضگیٔ خدا قرار دیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مسلم خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ سیدۂ کائناتؑ کی پاکیزہ شخصیت کو مشعلِ راہ بنائیں اور حجاب، عفت و عصمت اور طہارت کی حفاظت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے مغربی ثقافتی یلغار، عریانی اور فحاشی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی تہذیبی جنگ کا واحد جواب اسوۂ فاطمیؑ سے وابستگی ہے، کیونکہ حضرت فاطمہ الزہراءؑ ہی مسلمان خواتین کی حقیقی آئیڈیل ہیں۔

عراق کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈومکی نے کہا کہ حالیہ عراقی انتخابات میں امریکہ نواز عناصر کی شکست اور عراق کے باکردار و وطن دوست قیادت کی کامیابی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے کہ ایسی قیادت آگے آئے جو استعمار اور بیرونی مداخلت کے خلاف واضح اور مضبوط موقف رکھتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے عراق کے اندرونی معاملات میں دھمکیاں اور مداخلت قابلِ مذمت ہیں۔

علامہ ڈومکی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی جیسی حکیمانہ قیادت اور حشد الشعبی جیسے انقلابی ادارے کی موجودگی میں عراق پر امریکی قبضے کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔

مجلس کے اختتام پر مولانا ارشاد علی سولنگی نے بھی خطاب کیا اور سیدۂ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کے فضائل و مصائب بیان کیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha