15 نومبر 2025 - 08:53
ہندوستان میں  نمائندہ ولیّ فقیہ نے دہلی میں ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی

ہندوستان میں نمائندے ولیّ فقیہ حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیمؔ الٰہی نے دہلی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں نمائندے ولیّ فقیہ حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیمؔ الٰہی نے دہلی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

 دہلی میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے نے جہاں کئی بے گناہ ہندوستانیوں کی جانیں لیں، وہیں ملک بھر میں غم و اندوہ کی فضا قائم کر دی۔ اس افسوسناک سانحے پر ہندوستان میں ولیّ فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیمؔ الٰہی نے ایک تعزیتی و مذمتی پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ ہمیں اطلاع ملی کہ دہلی میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے اس بزدلانہ حملے کے باعث متعدد معزز شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، جس نے ہمیں شدید رنج اور تکلیف میں مبتلا کر دیا ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین حکیمؔ الٰہی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ دہشت گردی کا ہر اقدام ناقابلِ معافی جرم ہے جو انسانی، اخلاقی اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس حملے کو "مجرمانہ اور سفّاکانہ" قرار دیتے ہوئے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ دہشت گردی خواہ کہیں بھی ہو، قابلِ مذمت ہے اور اس کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے دہشت گرد عناصر اور ان کے سرغنوں کے خلاف قانونی کاروائی کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

ہندوستان میں ولیّ فقیہ کے نمائندہ نے حکومتِ ہندوستان، عوام اور خاص طور پر پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خداوندِ متعال سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی کا مرکز بنا رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha