30 دسمبر 2025 - 16:40
ایران کی خودمختاری پر حملہ ہوا تو جارح کو سخت پشیمانی اٹھانا پڑے گی، صدر پزشکیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں صدرِ ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے دو ٹوک انداز میں خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب ایسا ہوگا جو جارح کے لیے ناقابلِ برداشت ثابت ہوگا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی جارحانہ اقدام کا انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دے گا۔

صدر پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا ردعمل ایسا ہوگا جو حملہ آور کے لیے افسوس اور پشیمانی کے سوا کچھ نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور عوامی مفادات کے تحفظ میں کسی قسم کی مصلحت سے کام نہیں لے گا اور ہر قسم کے دباؤ یا دھمکی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ ایران دوبارہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے، اور اگر ایسا ہوا تو امریکہ اسے تباہ کر دے گا۔

ٹرمپ نے صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر ایران اپنے میزائل یا جوہری پروگرام میں پیش رفت کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے، چاہے وہ اسرائیل کے ذریعے ہو یا کسی اور صورت میں۔

صدر پزشکیان کے بیان کو ایران کی جانب سے امریکی دھمکیوں کا واضح اور سخت سفارتی و سیاسی جواب قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کا عندیہ ملتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha