اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کے روز راجستھان میں بی جے پی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں منظور کیے گئے تبدیلیٔ مذہب مخالف قانون پر تنقید کرتے ہوئے حکمراں پارٹی پر آئین کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔
اویسی نے مزید کہا کہ راجستھان پرہیبیشن آف غیر قانونی مذہبی تبدیلی ایکٹ، 2025 کی ایک شق، جس میں ضلع مجسٹریٹ کو کسی شخص کے مذہب کی تبدیلی سے متعلق پبلک نوٹس ظاہر کرنے کی ہدایت کرنا، لنچنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
اویسی نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا، راجستھان کا نیا قانون مذہب کی تبدیلی پر مکمل پابندی لگاتا ہے۔ اگر آپ اپنا مذہب تبدیل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو کلکٹر سے اجازت لینا ہوگی اور آپ کے نام اور تصویر کے ساتھ ایک پبلک نوٹس لگایا جائے گا۔ اس طرح کا نوٹس لنچنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے قانون کی ان دفعات پر بھی اعتراض کیا جو غیر قانونی تبدیلی کے الزام میں کسی کی جائیداد کو مسمار کرنے اور ضبط کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ اویسی نے کہا، "اس کے علاوہ، اب کسی پر بھی غیر قانونی تبدیلی کا الزام لگایا جا سکتا ہے۔ ان کے گھر یا عبادت گاہ کو بلڈوز کیا جا سکتا ہے اور ان کی جائیداد کو ضبط کیا جا سکتا ہے۔
آئین کے پہلے صفحے پر لکھا ہے کہ ’فکر، اظہار، عقیدہ، ایمان اور عبادت کی آزادی‘۔ لیکن بی جے پی والے آئین کا احترام کہاں کرتے ہیں۔ اکتوبر میں، راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڈے نے راجستھان ممنوعہ غیر قانونی مذہبی تبدیلیٔ بل کو منظوری دی، جو ستمبر میں مانسون اجلاس کے دوران راجستھان قانون ساز اسمبلی کے ذریعے منظور کیا گیا تھا۔
قبل ازیں، راجستھان کے وزیر جوگارام پٹیل نے بیان دیا کہ اسمبلی کے ذریعے منظور کردہ تبدیلیٔ مذہب مخالف قانون میں سخت دفعات شامل ہیں، جن میں عمر قید تک کی سزا بھی شامل ہے اور اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود اسے منظور کر لیا گیا۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے پٹیل نے کہا، "کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے کچھ ممبران تھے جو اس بل پر بحث نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ان کی مخالفت قابل مذمت تھی۔ مخالفت کے باوجود بل کو پاس کر دیا گیا۔
وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ نئے قانون میں لوگوں کو زبردستی یا دھوکہ دہی سے دوسرے مذاہب میں تبدیل کرنے والوں کے لیے سخت سزا کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پٹیل نے مزید کہا، "اس قانون میں سات سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا کے لیے سخت دفعات ہیں۔ یہ قانون ملک میں اسی طرح کے دیگر قوانین کا مطالعہ کرنے کے بعد بنایا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ