5 اکتوبر 2025 - 10:22
مآخذ: ابنا
پرتگال میں ہزاروں افراد کی فلسطین سے یکجہتی، اسرائیلی مظالم اور محاصرے کے خلاف مظاہرہ

پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے غزہ پر حملوں، فلسطینیوں کی نسل کشی اور امدادی جہازوں پر حملے کی شدید مذمت کی

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے غزہ پر حملوں، فلسطینیوں کی نسل کشی اور امدادی جہازوں پر حملے کی شدید مذمت کی۔

اطلاعات کے مطابق تقریباً 3 ہزار مظاہرین اس احتجاجی مارچ میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر پرتگال کی معروف سیاسی شخصیات، بشمول فرانسیسکو لوکا (سابق صدر، لیفٹ بلاک پارٹی) اور آنتونیو فیلیپے (سابق صدارتی امیدوار، کمیونسٹ پارٹی) بھی مظاہرین کے ہمراہ موجود تھے۔

مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی قید میں موجود تین پرتگالی شہریوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا، جو بین الاقوامی امدادی بحری بیڑے "الصمود" کے رکن تھے اور اسرائیلی فورسز نے انہیں حراست میں لے رکھا ہے۔

فرانسیسکو لوکا نے پرتگالی نیوز ایجنسی لوسا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فلسطینی کاز کے لیے عالمی حمایت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اب اس کو دبانا یا روکنا ناممکن ہو چکا ہے۔

الصمود ایک بین الاقوامی امدادی بحری قافلہ ہے جو غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے مقصد سے درجنوں کشتیوں پر مشتمل تھا۔ اسے اسرائیلی افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں روک کر اس کے 42 جہازوں کو ضبط کر لیا اور ان پر سوار سینکڑوں عالمی انسانی حقوق کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیل اب ان تمام کارکنوں کو واپس یورپ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ پرتگال ہی نہیں، بلکہ گزشتہ دنوں اسپین، اٹلی، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل کر غزہ پر حملوں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha