7 مئی 2025 - 01:43
بھارت نے پاکستان پر 5 مقامات پر میزائل داغ دیے، پاکستان کی جوابی کارروائی جاری

پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں فضا سے میزائل داغے گئے ہیں۔۔۔ بھارت نے شرمناک حملہ کیا ہے۔۔ پاکستان وقت کا تعین کرکے بھرپور جواب دے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا 

پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارت نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللّٰہ پر حملہ کیا گیا ہے، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کوٹلی، مظفر آباد میں حملہ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع  کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں اب تک ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں، بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا ہے، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے طیارے ہوا میں ہیں، یہ شرمناک حملہ بھارتی ایئر اسپیس سے کیا گیا، بھارتی ہماری ایئر اسپیس میں داخل نہیں ہوسکے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے پر حملہ کیا گیا ہے۔

پاکستان نے ایک رافیل طیارے سمیت دو بھارتی طیارے مار گرائے

پاکستان کی جانب سے بھارت کے فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، پاکستانی ایئرفورس نے بھارت کے 2 جہاز گرا دیے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جوابی حملے میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا ہے۔

دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بزدل دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے،
بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔

بھارت کا 9 مقامات پر حملے کا دعویٰ

بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کی ہے اور اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔

ایئر اسپیس کو بند کردیا گیا

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر اسپیس کو بند کردیا گیا، تمام پروازیں منسوخ  کر دی گئی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا ہے کہ ایئر اسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن تاحکم ثانی معطل ہے، جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی روک دیا گیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha