7 فروری 2026 - 10:18
مجلس وحدت مسلمین کا سانحہ مسجد الکبری اسلام آباد پر 3 روز سوگ کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی و کراچی کے ڈویژنل رہنماؤں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، علامہ مختار امامی سمیت دیگر نے شیعہ جامع مسجد خدیجتہ الکبریٰ اسلام آباد میں جمعہ اجتماع میں بے گناہ نمازیوں پر دہشتگردی کے واقعہ کو ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اور 3 روز سوگ کا اعلان کردیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی و کراچی کے ڈویژنل رہنماؤں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، علامہ مختار امامی سمیت دیگر نے شیعہ جامع مسجد خدیجتہ الکبریٰ اسلام آباد میں جمعہ اجتماع میں بے گناہ نمازیوں پر دہشتگردی کے واقعہ کو ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اور 3 روز سوگ کا اعلان کردیا۔ نمائش چورنگی پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا مقصد پاکستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنا اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینا ہے، معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف کھلا جرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

رہنماؤں نے اس دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں طالبان و کالعدم جماعتوں کا نیٹ ورک مضبوط ہو رہا ہے، تکفیری دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے بغیر قیام امن ممکن نہیں، ملک میں دہشتگردی کے متواتر واقعات ملکی عوام میں خوف و مایوسی کی فضاء قائم ہو رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عبادت گاہیں امن کی علامت ہوتی ہیں، ان پر حملے دراصل پورے معاشرے پر حملے کے مترادف ہیں۔ رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، مسلسل سیکیورٹی ناکامیاں عوام کی جان و مال کے تحفظ پر سوالیہ نشان ہیں، وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مذہبی مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ احتجاج کے دوران شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور کسی بھی صورت امن دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha