22 فروری 2025 - 10:42
یوکرینی صدر معدنیات امریکا کے حوالے کرنے پرتیار ہوگئے: برطانوی میڈیا کا دعویٰ + کچھ نکتے

روس کے خلاف ملک کو جنگ میں جھونکنے والے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی معدنیات امریکا پر قربان کرنے کو تیار ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | پاکستانی چینل جیونیوز نے برطانوی میڈیا کے دعوے کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر زیلنسکی امریکا سے معاہدہ کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں جس کے تحت ملک کے اہم ترین معدنی ذخائر تک امریکا کو رسائی دے دی جائے گی۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اوریوکرین جنگ بندی کیلئے یوکرین سے 500 ارب ڈالرمعاوضہ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ پر ہم نے اپنا خزانہ خرچ کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے پہلے زیلنسکی نے کہا تھا کہ وہ یوکرین کا دفاع کریں گے، ملک بیچ نہیں سکتے۔

رپورٹس کے مطابق زیلنسکی نے ملک کا بڑا حصہ پہلے گنوایا اور اب معدنیات بھی دینے پر راضی ہوگئے۔

اس سے قبل اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ امید ہے یوکرین جلد ہی ایک معاہدے پر دستخط کرے گا جس کے تحت امریکا کو یوکرین کے معدنی ذخائر تک رسائی حاصل ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

نکتے:

برطانوی میڈیا کا دعویٰ ایسے حال میں سامنے آیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے

- روسی صدر کے ساتھ بات چیت کے بارے میں یوکرینی صدر کے خلاف بولنا شروع کیا ہے۔

- صدر پوتن کو بے قصور قرار دیتے ہوئے یوکرینی جنگ کی ذمہ داری سابق صدر بائیڈن اور زیلنسکی پر ڈال دی ہے۔

- یوکرینی صدر کو آمر قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑ کر فرانس جانے کا مشورہ دیا ہے۔

- یوکرین میں جلد از جلد صدارتی انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔

غرض یہ کہ شدید جملوں کے تبادلے ہو رہے ہیں اور جو کچھ اس تنازعے سے حقیقت بن کر سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ:

- یوکرین کی تین سالہ جنگ میں صدر پوتن کی فتح اور زیلنسکی اور اس کے ملک کی تاریخی شکست حقیقب کا روپ دھار چکی ہے۔

- یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کا مہنگا خواب ڈراؤنے سپنا بن چکا ہے۔

- یورپی ممالک کے اربوں ڈالر راکھ ہوچکے ہیں اور ان کے مستقبل کی سلامتی داؤ پر لگ چکی ہے۔

- ایک کامیڈین (مسخرے) نے امریکی مدد سے صدر بن کر ایک ملک کے مستقبل کو ہمیشہ کے لئے مبہم بنا کر رکھ دیا ہے اور وہ امریکی اشارے پر اپنے زوال کو عیاں دیکھ رہے ہیں اور ایک اور امریکی گماشتہ نشان عبرت بن چکا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ کیا امریکہ سے وابستہ حکومتیں اور حکمران افغانستان، مصر اور یوکرین میں امریکیوں کے گماشتوں کا انجام دیکھ کر، عبرت لیں گے اور کیا وہ اپنے مقدرات کو پھر بھی امریکیوں سے وابستہ رکھیں گے یا نہیں بلکہ خودمختاری اور امریکیوں کے تسلط سے نجات پانے کی فکر کریں گے؟

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110