7 جولائی 2024 - 03:01
انتخابات کے دوران وجود میں آنے والی رقابت کو رفاقت میں بدل دیں / نومنتخب صدر، شہید رئیسی کا مشن جاری رکھیں

رہبر معظم نے صدارتی انتخابات کے اختتام پر اپنے پیغام میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نو منتخب صدر کو نصیحت کی کہ عوام کی آسائش، ملک کی پیشرفت اور شہید رئیسی کی راہ کو جاری رکھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی کے رہبر معظم امام سید علی خامنہ ای (مد ظلہ العالی) نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات کے اختتام پر پیغام جاری کیا جس میں آپ نے کامیاب انتخابات کے انعقاد پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور نو منتخب صدر کو نصیحت کی کہ عوام کی آسائش، ملک کی پیشرفت کے لئے شہید صدر سید ابراہیم رئیسی کے مشن کو جاری رکھے۔

رہبر معظم کے پیغام کا متن:

بسم الله الرّحمن الرّحیم

والحمد لله ربّ العالمین والصلاة والسلام علی سیدنا محمدٍ و آله الطاهرین سیما بقیّة الله روحی فداه

خداوند متعال کا شکر ہے کہ ایران کی عظیم قوم نے شہید صدر رئیسی کے فقدان کے بعد مختصر قانونی مدت میں صدارتی انتخابات کا منظر نامہ ترتیب دیا اور مسلسل دو جمعوں میں آزاد اور شفاف پولنگ کرانے کا کامیاب اہتمام کیا تاکہ ملک کا نیا صدر منتخب کرلیں۔

متعلقہ حکام نے برق رفتاری اور مکمل اعتماد کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیئے اور عوام نے احساس ذمہ داری کے ساتھ دو مرحلوں میں ساڑھے پانچ کروڑ ووٹ کاسٹ کئے۔ ایران کے دشمنوں نے عوام کو ناامید کرنے کے لئے انتخابات کے مقاطعے کی سازش کی جس کے مقابلے میں عوام نے ناقابل فراموش اقدام کیا۔ تمام امیدوار اور انتخابی مہم میں شرکت کرنے والے اس ثواب میں شریک ہیں۔

آج عوام نے صدر منتخب کر لیا ہے۔ میں عوام اور نومنتخب صدر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امیدواروں اور فعال سیاسی کارکنوں اور جوانوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ ملک کی ترقی میں تعاون کریں۔ بہتر ہے کہ انتخابات کے دوران وجود میں آنے والی رقابت کو رفاقت میں بدل دیں اور سب ملک کی مادی و معنوی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔

میں جناب مسعود پزشکیان کو بھی نصیحت کرتا ہوں کہ اللہ پر توکل کرتے ہوئے اپنی نظر و ہمت کو بلند رکھیں اور ملک کی ترقی کے لئے انسانی وسائل اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے، شہید رئیسی کا مشن جاری رکھیں۔

میں ایک بار پھر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتا ہوں اور امام زمان علیہ السلام پر درود بھیجتا ہوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور تمام امیدواروں اور سیاسی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انتخابات میں نقش آفرینی کی نیز قومی ذرائع ابلاغ، سلامتی کے اداروں اور الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

۔۔۔۔۔۔۔۔

110