اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جاثیہ نیوز کے مطابق، عراقی افواج کے انفارمیشن سینٹر کے ترجمان “یحیی رسول” نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ عراق کے ایف سولہ طیارے نے گذشتہ جمعرات کے دن سرزمین شام میں واقع داعشی دہشت گرد ٹولے کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 36 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دمشق کے ساتھ ہمآہنگی کے بعد ایسے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جو عراق کی سلامتی کے لئے خطرناک تھے۔
انھوں نے کہا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں داعش کے سرغنوں کے ہیڈکوارٹر سمیت اس کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا اور 36 دہشت گرد مارے گئے۔
انھوں نے کہا کہ ہلاک شدہ داعشی سرغنوں میں ابو اسلام، ابو طارق الحمدانی، ابو مریم العکاوی، ابو حسین، ابو یاسر اور ابو جعفر شامل تھے۔
انھوں نے جمعرات کے دن کہا تھا کہ عراق الفرات کے سرحدی علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے گا اور اسی ایک حملے پر اکتفا نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کو روکا نہیں جائے گا اور جب تک کہ سرزمین عراق کے سلامتی کو داعش نامی خطرہ لاحق رہے گا، ہم ان حملوں کو جاری رکھیں گے۔
انھوں نے کہا کہ جمعرات کا حملہ عراقی خفیہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر انجام پایا؛ ان معلومات کے مطابق، دہشت گرد ٹولے نے شام کے اندر سے مشترکہ سرحدوں پر عراقی فوجی دستوں پر حملوں کا منصوبہ بنایا تھا چنانچہ عراقی فضائیہ نے داعش کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر وزیر اعظم حیدر العبادی کی ہدایت اور “عراق، ایران، روس اور شام کے مشترکہ آپریشن روم” کے ساتھ ہمآہنگی کے بعد یہ کاروائی کی ہے۔
ادھر عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے کہا ہے کہ عراق داعشیوں کا تعاقب کرے گا خواہ وہ جہاں کہیں بھی ہوں اور انہیں بیرون ملک بھی چین سے نہيں رہنے دے گا۔ العبادی نے نومبر 2017 میں کہا تھا کہ “ہم نے اپنی افواج کو ہدایت کی ہے کہ داعشیوں کے ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کریں چاہے وہ سرزمین شام کے اندر ہی کیوں نہ ہوں”۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲