21 اپریل 2017 - 09:30
روس نے شمالی کوریا کے خلاف بیان کو ویٹو کردیا

روس نے سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کے خلاف امریکی بیان کو ویٹو کردیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کے عبوری صدر نے ملک کی مسلح افواج کو پوری طرح تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا: سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ روس نے شمالی کوریا کے خلاف سلامتی کونسل کے بیان کو ویٹو کا حق استعمال کرتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے تدوین کیے جانے والے اس بیان میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا کو نئے ایٹمی تجربات کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ اس سے پہلے چین سمیت سلامتی کونسل کے چودہ ارکان نے مذکورہ بیان کی منظوری دی تھی۔ شمالی کوریا نے قبل از ایں سنپو کے ساحلی علاقے سے ایک بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا۔امریکہ مسلسل شمالی کوریا سے دفاعی اور ایٹمی تجربات روکنے کا مطالبہ کررہا ہے تاہم شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی، پیانگ یانگ کے خلاف دھمکیوں کا سلسلہ بند نہیں کرتے اس وقت وہ اپنی دفاعی طاقت میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ادھر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے امریکہ کو شمالی کوریا کے خلاف ہر قسم کے غیر دانشمندانہ اقدام کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔ماریا زاخارووا نے شمالی کوریا کے خلاف امریکہ کی اشتعال انگیز پالیسیوں اور اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو مشورہ دیا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے خطے میں نئی جنگ کی روک تھام کریں۔دوسری جانب جنوبی کوریا کے عبوری صدر اور وزیراعظم ھوانگ کیو آہن نے ملک کی مسلح افواج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے کرتے ہوئے ہوانگ کیو آہن کا کہنا تھاکہ ان کے ملک کو شمالی کوریا کے چھٹے ایٹمی تجربے کے حوالے سے انتہائی تشویش لاحق ہے۔انہوں نے ایک بار پھر ملک کی مسلح افواج کو تیار رہنے اور شمالی کوریا کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھنے کا حکم دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کی جانب سے شمالی کوریا کو حملے کی دھمکیاں دیئے جانے کے بعد جزیرہ نمائے کوریا میں جاری کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169