اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے لندن میں ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب مارچ کیا اور شامی بچوں کی یاد میں سیکڑوں گڑییں وزیراعظم کے دفتر سامنے رکھ کر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کی اپیل پر کیا گیا۔
مظاہرے میں معروف اداکارہ اور جنگ زدہ بچوں کی سفیر کیری مولیگن نے بھی شرکت کی اور شام میں جنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ کیری مولیگن نے اس موقع پر بڑے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی بیٹی ایوی ، رات کو آرام سے سوتی ہے لیکن حلب میں ایسا نہیں، انہیں معلوم نہیں کہ یہ رات ان پر کیسے گزرے گی۔
مظاہرے میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مک گورن بھی شریک تھے اور انہوں نے مظاہرین کو بتایا کہ سن دوہزار گیارہ سے اب تک شام میں پچاس ہزار بچے مارے جاچکے ہیں۔
مظاہرے کے ایک منتظم برٹ وینڈر نے اس موقع پر کہا کہ ہم کتنے اسکولوں، اسپتالوں اور گھروں پر بمباری کا مشاہدہ کریں جب کہیں جاکے شام ہماری ترجیحات میں شامل ہوگا؟ انہوں نے کہاکہ اگر برطانوی وزیراعظم نے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو تاریخ ان کے بارے میں بڑی بے رحمی کے ساتھ فیصلہ سنائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169