11 اپریل 2015 - 15:03
تیل کے منصوبوں میں ایران اور چین کا باہمی تعاون

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم نے تیل کے شعبے میں چین کی حکومت کے ساتھ باہمی تعاون میں توسیع کی خبر دی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے اپنے دو روزہ دورۂ چین اور ان ملک کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں اور مذاکرات کو بہت مفید قرار دیا ہے- بیژن نامدار زنگنہ ایک اعلی سطحی وفد کو ساتھ لے کر جمعرات کے دن چین کے دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے- اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے چینی حکام کے ساتھ دوسرے دن کے مذاکرات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح بلکہ ماضی سے بھی بڑھ کر اپنی تیل کی صنعت میں ڈاؤن سٹریم (Downstream) اور اپ سٹریم (Upstream) سمیت توانائی کے تمام شعبوں میں چینی کمپنیوں کے تعاون کا خواہاں ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم نے جمعے کے دن چین کی تیل اور گیس کی کپمنی کے سربراہ جو جینگ پینگ اور چین کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نورلی بکری کے ساتھ ملاقات کی- نامدار زنگنہ نے جمعرات کے دن چین کی تیل صاف کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سینوپک کے سربراہ "فو" کے ساتھ ملاقات میں بھی توانائی کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں توسیع میں دلچپسی کا اظہار کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ چین اپنے وعدوں پر عمل کرے گا- چین تیل کے شعبے میں ایران کا ایک بڑا اور اہم شریک ہے اور پابندیوں کےخاتمے کے بعد توانائی کے مختلف میدانوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون میں اضافہ ہو گا-

.......

/169