3 فروری 2015 - 17:48
بنگلہ دیش؛ ہڑتال کی مدت میں 72 گھنٹے کی توسیع

بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے بہتّر گھنٹے کی ہڑتال کی مدّت میں مزید توسیع کردی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بی این پی کے ترجمان صلاح الدین احمد نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے بہّتر گھنٹے کی ہڑتال کی مدّت میں بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء اور بی این پی کے دیگر عہدیداروں کے خلاف کیس چلائے جانے کے خلاف احتجاج کے طور پر جمعرات تک کی توسیع کردی ہے- ہڑتال کی مدّت میں یہ توسیع، بنگلہ دیش کے جہازرانی کے وزیر کے اس بیان کے فورا بعد کی گئی ہے جس میں انھوں نے بی این پی کی رہنما خالدہ ضیاء کی فوری گرفتاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ملک کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے اپیل کی تھی کہ وہ اس سلسلے میں ہدایات جاری کریں- دریں اثنا بنگلہ دیش کی عدالت نے درجنوں افراد کے قتل کے الزام میں خالدہ ضیاء کے خلاف تحقیقات کئے جانے کا حکم سنایا ہے- عدالت کا یہ فیصلہ، ایک حکومت حامی شخصیت کی جانب سے خالدہ ضیاء کے خلاف کیس دائر کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی جماعت بی این پی کے حامیوں نے بسوں اور ٹرکوں پر آتشیں بموں سے حملہ کردیا تھا جس میں بیالیس افراد ہلاک ہوگئے تھے- بنگلہ دیش کی حکومت نے اس واقعے کا ذمہ دار خالدہ ضیاء کو قرار دیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲