14 جنوری 2015 - 20:36
کشمیر میں حکومت سازی کا معاملہ، ڈرامائی پیش رفت

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر نئی ڈرامائی پیش رفت کے بیچ پی ڈی پی نے نیشنل کانفرنس کی پیشکش کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ انکی پارٹی نیشنل کانفرنس کے ساتھ کوئی گٹھ جوڑ نہیں کرے گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر نئی ڈرامائی پیش رفت کے بیچ پی ڈی پی نے نیشنل کانفرنس کی پیشکش کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ انکی پارٹی نیشنل کانفرنس کے ساتھ کوئی گٹھ جوڑ نہیں کرے گی۔ پارٹی ترجمان نعیم اختر نے یہ الزام عائد کیا کہ نیشنل کانفرنس اپنی ناکامی کو فتح میں تبدیل کرنا چاہتی ہے جو ہر گز ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ حکومت بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جبکہ این سی لیڈر شپ یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئی ہے کہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے اس جماعت کو شکست سے دوچار کردیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کی جانب سے ریاستی گورنر کو حکومت سازی کے حوالے سے پی ڈی پی کو غیر مشروط بنیادوں پر حمایت دینے کے حوالے سے مکتوب پیش کرنے کے ایک روز بعد اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پی ڈی پی ترجمان نعیم اختر نے کہا کہ پی ڈی پی یہ ہر گز نہیں چاہے گی کہ نیشنل کانفرنس پچھلے دروازے سے حکومت میں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس وقت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ اس بات کا فیصلہ کرے کہ جموں کشمیر میں کس کی سرکار ہونی چاہیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے ساتھ اُن کی بیک چینل پر مذاکرات جاری ہے تاہم ابھی تک حکومت سازی کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی ۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169