11 جنوری 2015 - 08:15
صالحی : ایٹمی مسئلہ سیاسی عزم کے ساتھ حل کیا جائے

ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ تکنیکی نہیں ہے ، اور صرف سیاسی عزم کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق علی اکبر صالحی نے ایران کے ایک  ٹی وی پروگرام میں ایٹمی مسئلے کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے اسے "سیاسی تاریخ" بنا دیا ہے جبکہ ایران نے ان کے  اور جوہری توانائی کی عالمی تنظیم آئی اے ای اے کے تمام سوالوں کے جواب دیئے ہیں ۔ انہوں نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے آئندہ کے مذاکرات کے بارے میں اظہار امید کرتے ہوئے کہا کہ اگر فریق مقابل ميں سیاسی عزم پایا جائے تو ایران کا ایٹمی مسئلہ، مختصر مدت میں قابل حل ہے ۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے رکن عباس عراقچی نے بھی جمعے کے روز ارنا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ 12 جنوری کو روس کے نائب وزیر خارجہ اور ایٹمی مذاکرات میں اس ملک کے نمائندے سرگئی ريابكوف تہران آ رہے ہیں کہ جس کے دوران جوہری مسئلے پر باہمی گفتگو اور تبادلہ خیال ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ريابكوف ایرانی وزیر خارجہ جواد ظريف سے بھی بات چیت کریں گے۔ کہ چودہ جنوری کو ایران کے وزیرخارجہ ، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ملاقات کے لئے جنیوا جائيں گے تاکہ فریقین کے نائب وزراء خارجہ کی سطح پر ایٹمی مذاکرات سے قبل ضروری راہنمائی انجام پاسکے۔ ایران  کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے سینئر رکن نے کہا کہ 15 سے 17 جنوری تک ایرانی اور امریکی وفود جنیوا میں دو طرفہ مذاکرات انجام دیں گے اور پھر 18 جنوری کو ایران اور گروپ جمع ایک کے نائب وزراء خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ واضح رہے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک، ایران کے ایٹمی مسئلے میں 24  نومبر2014  تک ایٹمی مفاہمت نہ ہو پانے کی وجہ سے، مذاکرات میں توسیع پر متفق ہوئے تھے۔

 .......

/169