اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاعجنرل حسین دھقان نے وزات دفاع کی اسٹرٹیجیک امور کی کونسل سے خطاب میں غزہ پر صیہونی حکومت کے حالیہ پچاس روزہ حملوں کے دوران اہل غزہ کی بے مثال استقامت اور ولولہ انگيز فتح کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی ذلت آمیز اور شرمناک شکست در اصل علاقے میں امریکہ کی پالیسیوں کی شکست ہےاور اب وقت آن پہنچا ہے کہ امریکہ علاقے کے حقائق کو تسلیم کرلے اور اپنی مداخلت پسندانہ پالیسوں سے دستبردار ہوتے ہوئے صیہونی حکومت اور دہشتگردی کی کی حمایت بھی ختم کرکے خود کو ان دلدل سے نکال لے جو صیہونیوں نے اس کےلئے تیار کیا ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ آج فلسطینی مزاحمت ایسی توانائيوں کی حامل ہے جس کی بدولت وہ صیہونی حکومت کے ہرخطرے کا مقابلہ کرسکتی ہے اور بالا دستی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اہداف حاصل کرسکتی ہے۔ جنرل حسین دھقان نے کہا کہ غزہ کے عوام کی پچاس روزہ استقامت نے کچھ اور مسائل بھی واضح کردئیے ہیں جن میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں نسل کشی پر عالمی اداروں کی خاموشی، امریکہ کی دوہری پالیسیاں اور اس کی جانب سے صیہونی حکومت غیر مشروط اور ہمہ گیر حمایت جو ابتدائي ترین انسانی حقوق کو بدترین طرح سے پامال کرتی ہے۔ وزیر دفاع نے غزہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان مظلوم شہدا کا خون رائيگان نہیں جائے گا اور صیہونی حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی اور قدس شریف سے ان کا قبضہ ختم ہوجائے گا۔
.......
/169