24 اگست 2014 - 09:31
جوہری مذاکرات کا اگلا دور 17 ستمبر کو نیویارک میں ہوگا

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور اعلی جوہری مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کا اگلا دور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے قبل منعقد ہوگا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے قبل یعنی 17 ستمبر کو ہوگا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی جوہری مذاکرات کار نے اسی طرح یکم ستمبر کو بریسلز میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبہ کی سربراہ کیتھرین اشٹون کے درمیان ہونے والی ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس ملاقات میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی آخری صورت حال اور مذاکرات کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔ سید عباس عراقچی نے اس کا بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ظریف اور اشٹون کے معاونین بھی بریسلز میں جوہری مذاکرات میں ہونے والی آخری پیشرفت کے حوالے سے صلاح مشورہ کریں گے کہا کہ نیویارک اجلاس سے قبل بھی دو جانبہ ملاقاتیں انجام پائیں گی اور ان ملاقاتوں کی تاریخ اور مذاکرات کی سطح کے تعیّن کے بارے میں گفتگو ہورہی ہے۔

.......

/169