4 فروری 2014 - 20:30
ایران اس وقت عالم اسلام کی سب سے بڑی طاقت

ہندوستان میں عالمی اردو سروس نیوز ایجنسی کے سربراہ منظور احمد نے کہا ہے کہ ایران اس وقت عالم اسلام کی سب سے بڑی طاقت ہے اور علاقائي اور عالمی سطح پر نہایت موثر کردار کا حامل ہے۔

ابنا: انھوں نے آج نئي دہلی میں ارنا سے گفتگو میں عشرۂ فجر کی مناسبت سے کہا کہ انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی، بیسیوں صدی کا سب سے بڑا واقعہ تھا جو حضرت امام خمینی (قدس سرہ) کی مدبرانہ اور دور اندیشانہ قیادت میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب مغرب، صہیونی ریاست اور بعض عرب ملکوں کی شدید مخالفت اور مزاحمت کے باوجود کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ ہندوستان کے اس تجربہ کار اور کہنہ مشق صحافی نے عصر حاضر میں اسلامی جمہوریہ ایران کو اسلام کا پرچم دار قرار دیا اور کہا کہ ایران اس وقت عالم اسلام کی سب سے بڑی طاقت ہے اور نہ صرف مشرق وسطی بلکہ عالم اسلام اور دنیا کے  زیادہ تر بحرانوں کو حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ منظور احمد نے ایران اور پانچ جمع  ایک گروپ کے درمیان جنیوا ایٹمی سمجھوتے کو نہایت اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے معنی مغربی طاقتوں کی جانب سے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی تائيد ہے اور یہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے حاصل ہونے والی ایک بڑی کامیابی ہے۔ عالمی اردو سروس کے سربراہ نے ہندوستان اور ایران کے تعلقات میں مزید فروغ کی ضرورت پر تاکید کی تاکہ مختلف میدانوں میں مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ایران، افغانستان اور مرکزی ایشیا میں مشترکہ مفادات کے حامل ہیں لہذا انہیں آپس میں قریبی تعاون کرنا چاہیئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر بارہ بہمن مطابق پہلی فروری سے لے کر بائيس بہمن مطابق گیارہ فروری تک جشن منائے جاتے ہیں۔

.......

/169