26 جنوری 2014 - 20:30
پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

واشنگٹن…پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی گئی ہے۔

ابنا: امریکی وزیر خارجہ کہتے ہیں افغانستان کو محفوظ بنانے میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔سرحد پار دہشت گردی کا معاملہ بات چیت کا بنیادی نکتہ ہے۔ مشیر خارجہ کہتے ہیں امریکا افغانستان سے نکلتے ہوئے ماضی کی غلطیاں نہ دہرائے۔مشترکہ اعلامیہ میں امریکا نے نیوکلئیر سیفٹی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نواز حکومت کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ واشنگٹن میں پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کے ا فتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اورسلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون چاہتے ہیں۔ امریکا پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے میں مدد دے گا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدارامن کی کوششوں میں مصروف ہے اور قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ تاہم امریکا پاکستان کودہشت گردی اورافغانستان کے حوالے سے ہی نہ دیکھے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے چھٹاورکنگ گروپ بحال کیاجائے۔ سرتاج عزیز کا کہناتھا پاکستان بھارت کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات میں دونوں ممالک کے دفاع ،خارجہ اور قومی سلامتی کے حکام نے شرکت کی۔

.......

/169